سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ میں شہریوں میں ٹریفک قوانین کے شعور کو اجاگر کرنے اور روڈ سیفٹی کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم اقدام کے تحت مدرسہ انوارالعلوم اگوکی میں جامع ٹریفک آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیشن کا انعقاد ٹریفک ایجوکیشن ونگ سیالکوٹ نے ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر مدثر صدیق کی زیر نگرانی کیا جبکہ اس کی قیادت انچارج ایجوکیشن ونگ ڈاکٹر شفقت رسول نے کی۔
سیشن میں مدرسہ کے سینکڑوں طلباء، اساتذہ اور معزز علمائے کرام نے شرکت کی۔ ڈاکٹر شفقت رسول نے اپنے خطاب میں طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سڑک پر محفوظ طرزِ عمل اپنانا اور ٹریفک قوانین کی پاسداری صرف ایک قانونی ضرورت نہیں بلکہ شرعی اصولوں کے عین مطابق بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکثر ٹریفک حادثات معمولی غفلت کے باعث رونما ہوتے ہیں، مثلاً ہیلمٹ نہ پہننا، سیٹ بیلٹ نہ باندھنا، یا ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال۔ ان چھوٹی غلطیوں کو سدھار کر ہم قیمتی انسانی جانوں کو بچا سکتے ہیں۔
انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ نہ صرف خود ٹریفک قوانین کی پابندی کریں بلکہ اپنے گھر والوں، دوستوں اور محلے داروں کو بھی اس بارے میں شعور دیں تاکہ معاشرے میں ایک محفوظ اور مہذب ٹریفک ماحول قائم کیا جا سکے۔
سیشن کے اختتام پر علمائے کرام سے خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں انہیں ٹریفک پولیس کی جاری اصلاحی مہمات سے آگاہ کیا گیا۔ ڈاکٹر شفقت رسول نے علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ اپنے خطبات، دروس اور وعظ میں ٹریفک قوانین کی اہمیت کو اجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ علماء کا معاشرے پر گہرا اثر ہوتا ہے، اور اگر وہ عوام کو روڈ سیفٹی کی تعلیم دیں گے تو اس سے حادثات میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکتی ہے اور ایک با نظم و مہذب معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔
شرکاء نے اس آگاہی سیشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ مدارس میں اس طرح کی سرگرمیاں وقت کی اہم ضرورت ہیں اور یہ نئی نسل میں قانون پسندی اور سماجی شعور کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔