سیالکوٹ (بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ضلع سیالکوٹ میں پہلے پبلک سیکٹر ڈے کیئر ہوم کا افتتاح کیا۔ ایڈمنسٹریٹر آفس کی چھت پر قائم اس ڈے کیئر سینٹر کا افتتاح کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ سینٹر ورکنگ ویمن کے بچوں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جدید اور معیاری سہولیات سے آراستہ سینٹر نہ صرف بچوں کی دیکھ بھال کا محفوظ اور صحت بخش ماحول فراہم کرے گا، بلکہ ورکنگ ویمن کو بھی اپنے کام پر توجہ مرکوز کرنے کا موقع دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈے کیئر سینٹرز ورکنگ ویمن کو معاشی طور پر خودمختار بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ سینٹر بچوں کی تعلیمی، جسمانی اور جذباتی نشوونما کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب خواتین کو کام کرنے کا موقع ملتا ہے اور ان کے بچے محفوظ ہوتے ہیں، تو معاشرے کی مجموعی ترقی میں اضافہ ہوتا ہے۔
انہوں نے میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ سینٹر کی بہتری کے لیے شکایات کے ازالے کے لیے کمیٹی تشکیل دیں۔
افتتاحی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر، سی او ایم سی ایس ملک اعجاز، سی او ضلع کونسل فدا میر، ڈسٹرکٹ آفیسر فنانس رانا ثقلین، سی او ایجوکیشن مجاہد حسین علوی، ڈی او سیکنڈری ایجوکیشن محمد نواز اور ڈپٹی ڈی ای او محمد حسین سمیت خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔