سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما و ٹکٹ ہولڈر ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا ہے کہ پی پی 52 کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدوار فاخر نشاط گھمن کی کامیابی یقینی ہوچکی ہے اور یکم جون کو پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے فتح حاصل کرے گی۔ انہوں نے یہ بات سمبڑیال میں جاری ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم کے دوران کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ریحانہ امتیاز ڈار کا کہنا تھا کہ عوام کی جانب سے جس جوش و خروش سے استقبال کیا جا رہا ہے، وہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام آج بھی عمران خان کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پر قائم تمام مقدمات جھوٹ پر مبنی ہیں اور بالآخر عدالتوں کو انہیں باعزت بری کرنا پڑے گا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ موجودہ ملکی حالات کسی قسم کی سیاسی کشیدگی کے متحمل نہیں ہو سکتے، لہٰذا حکمران طبقہ اپنی بقا کیلئے ملک میں بیگاڑ پیدا کرنے کی بجائے سیاسی رواداری کو فروغ دے۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر چوہدری امجد علی باجوہ سمیت بڑی تعداد میں کارکنان بھی موجود تھے۔ ریحانہ امتیاز ڈار نے مزید کہا کہ جب تک پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں پر قائم جھوٹے مقدمات کا خاتمہ نہیں کیا جاتا، ملک میں جمہوری کلچر کا فروغ ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ایک جانب قومی اتحاد اور سیاسی استحکام کی بات کرتی ہے جبکہ دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو روزانہ کی بنیاد پر انتقامی کارروائیوں، جبر اور تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس کے باوجود عمران خان نے ہمیشہ پرامن سیاسی جدوجہد کا درس دیا اور ریاستی مفادات کو اولین ترجیح دی۔