سیالکوٹ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر مدثر رتو) ریسکیو 1122 نے دل کی بحالی کے عالمی دن کی مناسبت سے سیالکوٹ کالج آف فیزیو تھراپی میں ایک تربیتی سیشن کا اہتمام کیا۔ یہ سیشن سیکریٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایات اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی زیر نگرانی منعقد ہوا۔ تربیتی سیشن کا مقصد طلباء کو PAK LIFE SAVER پروگرام کے تحت ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کی تربیت دینا تھا تاکہ CPR (Cardiopulmonary Resuscitation) کے ذریعے دل کی حرکت بند ہونے کے بعد مریض کی زندگی بچانے کے عمل کو فروغ دیا جا سکے۔
کالج ایڈمن فاطمہ اور اساتذہ کے ہمراہ بڑی تعداد میں طلباء نے اس سیشن میں شرکت کی۔ سیالکوٹ کی تمام تحصیلوں کے انچارجز نے مختلف کالجز میں بھی اسی نوعیت کے سیشن منعقد کیے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلباء کو ابتدائی طبی امداد کی عملی تربیت دی جا سکے۔
سیالکوٹ اسٹیشن کے کوآرڈینیٹر محمد رضا نے اس تربیتی پروگرام کی قیادت کی، جبکہ ان کی ٹیم میں شفٹ انچارج محمد وسیم، EMT عابد راجہ اور EMT ظل ہما شامل تھے۔ اس کے علاوہ، تحصیل انچارج سمبڑیال ضیا المصطفی جمیل، پسرور کے محمد احسان اور ڈسکہ کے محمد سلطان نے اپنی اپنی تحصیلوں کے مختلف کالجز میں طلباء کو CPR کی عملی مشق کروائی۔
ہیڈ کوارٹر کی ٹیم نے تمام سیشنز کی نگرانی کی تاکہ تربیت کا معیار یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر طلباء کو خون کے بہاؤ کو روکنے اور دل کی بحالی کے جدید طریقوں کی مشق بھی کروائی گئی، تاکہ وہ ایمرجنسی صورتحال میں مؤثر طریقے سے مدد فراہم کر سکیں۔
یہ تربیتی سیشن عوام میں آگاہی پیدا کرنے اور ابتدائی طبی امداد کی اہمیت اجاگر کرنے کی ایک اہم کاوش تھی، جس کا مقصد انسانی جانوں کے تحفظ اور فوری مدد کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔