سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے سوشل ویلفیئر کمپلیکس سیالکوٹ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں رکن صوبائی اسمبلی حنا ارشد وڑائچ نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔

تقریب میں صوبائی حکومت کی جانب سے 18 خصوصی افراد میں وہیل چیئرز، الیکٹرک وہیل چیئرز اور ٹرائی سائیکلیں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حنا ارشد وڑائچ نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف خصوصی افراد کو بااختیار بنانے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمت کارڈ‘ کا اجرا خصوصی افراد کے لیے ایک انقلابی قدم ہے، جو انہیں تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر سماجی سہولتوں تک مؤثر رسائی فراہم کرے گا۔

حنا ارشد وڑائچ نے کہا کہ ہمت کارڈ کے ذریعے خصوصی افراد کو سرکاری اداروں میں ترجیحی سہولتیں، مالی معاونت اور فلاحی پروگراموں میں شمولیت کا بھرپور موقع ملے گا۔

تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شریف گھمن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر احمد راٹھور بھی موجود تھے، جنہوں نے خصوصی افراد کی رجسٹریشن، سہولتوں کی فراہمی اور آگاہی مہم کے حوالے سے بریفنگ دی۔

خصوصی افراد کے لواحقین نے وہیل چیئرز اور دیگر آلات کی مفت فراہمی کو قابلِ تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور محکمہ سوشل ویلفیئر کا شکریہ ادا کیا۔

Shares: