ننکانہ : بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات کے لیے شاندار انتظامات مکمل

ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات کے شاندار انتظامات، 60 ہزار سکھ یاتریوں کی میزبانی کی تیاریاں مکمل

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب، محمد تسلیم اختر راو کی زیرِ صدارت بابا گورونانک دیو جی کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شہرینہ غلام مرتضی جونیجو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رائے ذوالفقار علی، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 اکرم پنوار، ڈی ایس پی ٹریفک اور سول ڈیفنس کے افسران سمیت دیگر ضلعی محکمے شریک تھے۔

ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے ضلعی افسران نے بتایا کہ شہر کے ساتوں گردواروں میں دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے بہترین انتظامات کیے جا چکے ہیں۔ رہائش، لنگر، صفائی اور شہر کی تزئین و آرائش کے امور آخری مراحل میں ہیں۔ توقع ہے کہ تقریبات میں اندرون و بیرونِ ملک سے 60 ہزار سکھ یاتری شرکت کریں گے، جن کی حفاظت کے لیے 3188 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ اور اوقاف کے 1800 سے زائد افسران و ملازمین اور 200 سے زائد سکھ کمیونٹی کے رضاکار انتظامات کی نگرانی کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں مکمل محفوظ اور آزاد ہیں اور بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے آنے والے یاتری ہماری محبت اور خلوص کی یادیں لے کر جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فول پروف سیکیورٹی، قیام و طعام اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ یاتری اپنی مذہبی رسومات بلا خوف و خطر ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بابا گورونانک کا پیغام امن، محبت اور بھائی چارے کا ہے جسے آگے بڑھانے کے لیے پاکستان حکومت سکھ یاتریوں کو مکمل سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

Comments are closed.