سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب اورخیبرپختونخوا میں مزید بارشوں کا امکان

0
27
rain

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیراور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے-

باغی ٹی وی : محکمہ موسمیات کے مطابق بارکھان،سبی، جھل مگسی ، نصیر آباد، خضدار ، قلات اور لسبیلہ میں مزید بارش متوقع ہے کوہلو،لورالائی، آواران،پنجگور ، کیچ اور مکران میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے،بھکر،لیہ، بہاولپور، ڈ یر ہ غا زی خان ،ملتان اوررحیم یارخان میں بارش کا امکان ہے-

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیراور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے ،اسلام آباد میں رات کو تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے تھر پارکر، عمر کوٹ ، میر پور خاص، بینظیر آباد، بدین ، سجاول، ٹھٹھہ میں بارش متوقع ہے دادو، حیدر آباد، اور کراچی میں موسلادھار بارش کا امکان ہے-

اپر کوہستان کے علاقے داسو میں طوفانی بارشوں کے بعد اچھاڑ نالا بپھر گیا داسو میں اچھاڑ نالے میں طغیانی کے بعد سیلابی ریلے نے تباہی مچادی اور شاہراہ قراقرم پر بنا لوہے کا عارضی پل بہا کر لے گیا۔

پل بہہ جانے کے باعث شاہراہ قراقرم پر گلگت بلتستان جانے والی ٹریفک بند ہوگئی مقامی انتظامیہ نے گلگت بلتستان آنے جانے کیلئے ناران بابو سر ٹاپ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تھر پارکر کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ایس ایچ او اسلام کوٹ کےمطابق تھر پارکر میں بارش، آسمانی بجلی گرنے سے 2افرادجاں بحق،خاتون زخمی ہو گئی ،زخمی خاتون کو اسپتال منتقل کردیا گیا-

سندھ میں حالیہ بارشوں کی تباہ کاریاں جاری ہیں جس کے پیشِ نظر صوبے کے 9 اضلاع کے 723 دیہات آفت زدہ قرار دیئے گئے ہیں۔

سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور ریلیف کمشنر سندھ کی جانب سے جاری کردی نوٹیفکیشن کے مطابق ٹھٹھہ، جامشورو، بدین ، خیر پور ، نوشہرو فیروز، سانگھڑ،دادو، مٹیاری، قمبر شہزاد کوٹ کے 723 دیہاتوں کو آفت زدہ قرار دیا گیا ہے۔

ریلیف کمشنر سندھ کے مطابق حالیہ شدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں رہائشی آبادی کا جانی و مالی نقصان ہوا متاثرین کی بحالی کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھانے کی سفارش کی گئی ہے۔

امریکا نے سندھ میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے دس لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے اس سلسلے میں کراچی میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی اور کہا کہ امریکی عوام اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے خصوصی گرانٹ پر امریکا کا شکریہ ادا کیا۔

ڈونلڈ بلوم نے مراد علی شاہ کو بتایا کہ مالی امداد یو ایس ایجنسی فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کی جانب سے فراہم کی گئی ہے جو سندھ کے سیلاب متاثرین کی جلد بحالی میں معاونت کرے گی امریکا کے عوام اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے امریکی سفیر کو حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات سے آگاہ کیا اور امریکی امداد پر شکریہ ادا کیا ملاقات میں 155 ملین ڈالر کے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ امریکا اور پاکستان نے توانائی، معیشت، تعلیم و صحت سمیت دیگر اہم مسائل پر 75 سال سے مل کر کام کیا ہے اور باہمی تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

ادھر قلعہ عبداللہ میں پانی کے دباؤ سے تین ڈیم ٹوٹ گئے، ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ماچھکا ون ، ٹو اور ماچھکا تھری ڈیم ٹوٹے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ توبہ اچکزئی اور پہاڑی سیلابی ریلوں سے تینوں ڈیم بھر گئے تھے، تمام علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے اور لیویز کی ریسکیو ٹیمیں لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنےمیں مصروف ہیں۔

ڈپٹی کمشنر منیر کاکڑ کا کہنا ہے کہ قلعہ عبداللہ کے علاقوں حبیب زئی، میزئی اور مخلتف علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے، حبیب زئی میں بڑی تعداد میں لوگ سیلابی ریلے میں پھنسے ہوئے ہیں،سیداں میں ٹریکٹر ٹرالی بہہ گئی جس میں 20 سے زائد افراد سوار تھے، بہہ جانے والے افراد کو ریسکیو کرنے کیلئے آپریشن جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لاجور کے علاقے میں ریلوے پٹری بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی ہے جس کی وجہ سے کوئٹہ، چمن کے درمیان ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے قلعہ عبداللہ میں سیلاب سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، جنگل پیر علی زئی کے علاقے میں تین پل بہہ گئے ہیں۔

کراچی میں بارش کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔ رات گئے بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہے۔ شہریوں کو معمولات زندگی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ رات گئے اور اعلی صبح شاہراہ فیصل ،ڈرگ روڈ، جوہر موڑ کےاطراف تیز بارش ہوئی۔ شاہ فیصل کالونی، ملیر ، ائیرپورٹ اور اطراف کےعلاقوں میں بارش کاسلسلہ جاری ہےمختلف علاقوں میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔ سرجانی ٹاؤن اور نارتھ کراچی میں موسلادھار بارش سے سیلابی ریلا یوسف گوٹھ میں داخل ہو گیا ۔

پاور ہاؤس چورنگی سے دو منٹ چورنگی جانے والی مرکزی سڑک زیرآب آ گئی ۔ کے ڈی اے چورنگی سے حیدری مارکیٹ تک شاہراہ عثمان پر بھی پانی جمع ہے۔ موسلا دھار بارش سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو گئی۔

فائیواسٹارچورنگی پر بھی پانی جمع ہو گیا ۔ ناظم آباد ، لیاقت آباد ، ایف بی ایریا میں بادل برسے ۔ کریم آباد ، سائٹ ایریا ، گلبہار ، پاک کالونی میں بھی بارش ہوئی عائشہ منزل ، گلبرگ اور نارتھ کراچی میں بھی بارش سے پانی جمع ہو گیا۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں اکیس گھنٹوں پرمشتمل بارش کے اعدادوشمارجاری کردئیے۔سرجانی ٹاون میں سب سے زیادہ 59.5 ملی میٹربارش ہوئی۔

مسروربیس کےاطراف 44،یونیورسٹی روڈ پر42.5،اورنگی ٹاون میں 41.6 ملی میٹربارش ریکارڈکی گئی۔ ناظم آباد میں 37.5،نارتھ کراچی میں 37.1،سعدی ٹاون میں35.3 ملی میٹربارش ہوئی۔

اعدادوشمارکےمطابق گلشن معمارمیں 30.5 ملی میٹر،کورنگی میں 26.6 ملی میٹر،کیماڑی کےاطراف 22 ملی میٹر،گلشن حدیدمیں 20 ملی میٹربارش ریکارڈکی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گڈاپ میں 15.6 ،جناح ٹرمینل کے اطراف 13 ،اولڈائیرپورٹ کےاطراف 12 ملی میٹر،ڈیفنس میں 11.6 اورصدرمیں 10 ملی میٹربارش ہوئی۔

حیدرآباد میں بھی مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ۔ شہر میں موسلا دھار بارش کے بعد مرکزی شاہراہیں تالاب بن گئی ٹھنڈی سڑک ، گدو چوک ، حسین آباد ، لطیف آباد اور قاسم آباد سمیت بیشتر شاہراہیں اور گلی محلے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے پانی کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو گئی بارش کے باعث حیسکو کا نظام بھی جواب دے دیا ۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے ۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج بھی گرج چمک کےساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے شہر میں تیز بارش کا الرٹ جاری کررکھا ہے۔ حیدر آباد اور سندھ کے مختلف شہروں میں بھی مزید بارش کا امکان ہے۔

Leave a reply