fbpx

سندھ گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے پلیٹ فارم سے اپنے مطالبات کے حصول کیلئے آج پریس کلب پر جمع ہوں گے

سندھ گورنمنٹ گرینڈ الائنس (سگیگا) کے چیئرمین اشرف خاصخیلی (گسٹا)، جنرل سیکریٹری اشرف خان بوزئی (ایپکا)، ایڈیشنل سیکریٹری جنرل اکرم راجپوت ( لوکل گورنمنٹ)، سینئر وائس چیئرمین انتظار حسین چھلگری، سینئر وائس چیئرمین نذر حسین جلالانی (سنیوا)، صدر ایپکا کراچی ڈویژن سید توقیر حسین شاہ، جنرل سیکریٹری ایپکا کراچی ڈویژن ملک خورشید احمد قادری، صدر گسٹا کراچی اعجاز اعوان، صدر پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن کراچی انور بلوچ اور آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کے مرکزی چیئرمین سید ذوالفقار شاہ نے کہا ہے کہ سندھ گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس(سگیگا) سندھ بھر کے تمام ملازم تنظیموں کا نمائندہ اتحاد ہے۔
جو سندھ بھر کے تمام ملازموں کے اجتماعی مسائل کے حل اور بنیادی حقوق کے حصول کیلئے گزشتہ ایک سال سے حکومت سندھ کو مختلف مواقع پر میمورنڈم پیش کرتا رہا ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ حکومت نے کوئی بھی توجہ دینے کی زحمت نہیں کی۔
دوسری جانب حکومت سندھ ہر آنیوالے دن ملازم دشمن پالیسیوں کا اجراء کرتی جارہی ہے جس میں پنشن کے قوانین اور گروپ انشورنس پالیسی کو ہم یکسر مسترد کرتے ہیں۔

ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ کے تمام ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ کیا جائے، ملازمین کو گروپ انشورنس کی رقم بوقت ریٹائرمنٹ ادا کی جائے، ملازمین کیلئے سن کوٹہ مقرر کیا جائے، یوٹیلٹی الائونس تمام ملازمین کو یکساں ادا کیا جائے، لوکل گورنمنٹ اور دیگر اداروں کے ملازمین کی تنخواہ آن لائن بذریعہ ٹریژری ادا کی جائیں، کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کیا جائے اور مستقبل میں کنٹریکٹ کی بنیاد پر اپائنٹمنٹ بند کیا جائے، تمام ملازمین کو ٹائم اسکیل دیا جائے، سندھ کے تعلیمی بورڈ کی سالانہ اور بقایا گرانٹ فوری جاری کی جائیں، سندھ کے تمام ملازمین کو ہیلتھ کارڈ جاری کئے جائیں، فوتگی کوٹہ پالیسی کو تبدیل کرکے مقامی سطح پر بھرتی کا اختیار دیا جائے، معزز سپریم کورٹ آف پاکستان کی پٹیشن کریمنل اور ریجنل (193)2013 کے فیصلے کے تحت او پی ایس، آئوٹ آف ٹرن پروموشن (کیڈر چینج) پر عملدرآمد کیا جائے، تمام اداروں کے ملازمین کیلئے ہائوسنگ اسکیم کا قیام عمل میں لایا جائے اور ریٹائرمنٹ کے وقت ملازمین کو گریجویٹی، پنشن کی ادائیگی فوری کروائی جائے اور اس مد میں اداروں پر واجبات ادا کیے جائیں۔
حکومت سندھ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے تاحال نظرانداز کیے جانے پر اپنے مطالبات کے حصول کیلئے بروز بدھ 9 جون 2021 کو دوپہر 12 بجے پریس کلب کراچی پر ہزاروں ملازمین جمع ہوں گے اور ٹھیک دو بجے وزیراعلیٰ ہائوس کی جانب پیش قدمی کریں گے اور وزیراعلیٰ ہائوس کے سامنے مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.