سندھ ہائیکورٹ نے 9 حلقوں پر ضمنی الیکشن کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد روک دیا
کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے صوبے میں 16 مارچ کو 9 حلقوں پر ضمنی الیکشن کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد روک دیا۔
باغی ٹی وی : اسلام آباد، لاہور، پشاور اور بلوچستان کے بعد سندھ ہائیکورٹ سے بھی پی ٹی آئی کو ریلیف مل گیا چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو پی ٹی آئی کے 9 رکن قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کیخلاف اور ضمنی انتخابات رکوانے سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔
سندھ ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کے 9 ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی جس دوران دلائل دیتے ہوئے وکیل نے کہا کہ لاہور، پشاور، اسلام آباد اوربلوچستان میں بھی ایسی ہی درخواستوں پرحکم امتناع مل چکا ہے۔اس دوران آزاد امیدوارقیس منصور شیخ نے فریق بننے کی درخواست کی جس پر عدالت نے نوٹس جاری کردیئے۔
بعد ازاں عدالت نے سندھ میں 16 مارچ کو 9حلقوں پر ضمنی الیکشن کےنوٹی فکیشن پر عملدرآمد روک دیا اور سماعت 25 مارچ تک ملتوی کردی۔درخواست تحریک انصاف کے 9 رکن قومی اسمبلی کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔
سماعت کے بعد پی ٹی آئی سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ 11 اپریل کو استعفے دیئے۔ 17 جنوری کو اسپیکر سے استعفے منظور کئے۔ اسپیکر نے اپنی حلف برداری سے قبل کے استعفے منظور کئے۔ اپوزیشن لیڈر کی باری آئی تو استعفے ممظور کرلئے۔ پارٹی نے حکومت پر زور دینے کے لئے استعفی دیئے لاہور، اسلام آباد سمیت دیگر ہائیکورٹس نے حکم امتناع دیا۔ اب سندھ ہائیکورٹ نے بھی حکم امتناع جاری کردیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کے فیصلے انا کی بنیاد ہر نہیں ہوتے۔ انا پر فیصلے کرنے والے ملک کو ڈبو رہے ہیں۔ جن کو را کا ایجنٹ بتاتے تھے آج گلے میں ہاتھ ڈال کر گھوم رہے ہیں۔ ہم ایم کیو این کے ساتھ الیکشن میں اتحاد میں نہیں تھے۔ الیکشن کے بعد حکومت میں شامل ہوئے۔ ہم نے کسی کے کیسز ختم نہیں کئےعمران خان پر مقدمات کی سینچری ہونے والی ہے-