سندھ کا بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کے بعد ٹرین اور ہوائی سفر بھی بند کرنے کا مطالبہ
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر صوبہ سندھ نے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کے بعد ٹرین اور ہوائی سفر بھی بند کرنے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ کے بارڈر پر لوگوں کی اسکریننگ کرنا مشکل کام ہوگا ، لوگ آتے جاتے رہیں گے تو وائرس لوگوں کو نقصان پہنچائے گا ، ا س لیے ضروری ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا سے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ، ٹرین اور ہوائی سفر بند کیا جائے۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے ماہرین کی رائے لیتے ہیں ، کورونا صورتحال پر سندھ میں پنجاب اور خیبر پختونخوا والے حالات نہیں ، تاہم روزانہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ سندھ آتے اورجاتے ہیں ، اگر لوگ ایسے ہی آتے جاتے رہیں گے تو وائرس لوگوں کو نقصان پہنچائے گا ، اور اگر صحیح اقدام نہ کیے گئے تو خدشہ ہے کہ سندھ میں بھی صورتحال خراب ہو سکتی ہے۔