سندھ پولیس کے افسران و اہلکاروں کے لیے اسٹیٹ لائف انشورنس اور ہیلتھ کارڈ کی سہولت کا اجرا

میرپورخاص (باغی ٹی وی،نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ)آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی کوششوں سے سندھ پولیس کے افسران و اہلکاروں کے لیے اسٹیٹ لائف انشورنس اور ہیلتھ کارڈ کی سہولت کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ان سہولیات کے تحت پولیس اہلکار اور ان کے اہلِ خانہ کو صحت کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

ڈی آئی جی میرپورخاص رینج زبیر دریشک نے ایس ایس پی میرپورخاص شبیر احمد سیٹھار کے ہمراہ علی میڈیکئر سینٹر اور محمد میڈیکل اسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیر علاج پولیس اہلکاروں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈی آئی جی زبیر دریشک اور ایس ایس پی شبیر احمد سیٹھار نے اسپتالوں کے عملے سے ملاقات کی اور اہلکاروں کی صحت اور دی جانے والی سہولیات کا بغور جائزہ لیا۔ ڈی آئی جی زبیر دریشک نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے پولیس اہلکاروں کو بہتر علاج میسر ہے، اور ان کے اہل خانہ بھی مستفید ہوں گے۔

زیر علاج پولیس اہلکاروں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے سندھ گورنمنٹ اور پولیس کی انتظامیہ کو دعائیں دیں۔ اہلکاروں کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے ان کی صحت کی دیکھ بھال میں بہتری آئے گی اور وہ اپنی خدمات کو مزید احسن طریقے سے انجام دے سکیں گے۔

Comments are closed.