سائٹ صنعتی ایریا کراچی کو لٹیروں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا، عبدالہادی خان
سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالہادی نے کراچی کے سب سے بڑے اور قدیم سائٹ صنعتی ایریا میں جرائم کی بڑھتی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، آئی جی سندھ مشاق مہراور کراچی پولیس چیف عمران یعقوب منہاس سے پُر زور اپیل کی ہے کہ وہ سائٹ ایریا میں فیکٹریوں میں ڈکیتی کی وارداتوں اورنقد رقوم لوٹنے کے واقعات کا سختی سے نوٹس لیں اور جرائم پیشہ افراد سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی وضع کی جائے۔
عبدالہادی نے سندھ حکومت اور اعلیٰ پولیس افسران کو سائٹ ایریا میں امن وامان کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ ڈکیتیوں، لوٹ مار اور اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے میں محکمہ پولیس کی کوئی توجہ نہیں اور صورتحال اس نہج پر پہنچ گئی ہے کہ ڈاکو لٹیرے دن دیہاڑے بلاخوف خطر دندتاتے پھرتے ہیں اور بینکوں سے کیش لے کرجانے والوں سمیت جسے چاہیں لوٹیں کوئی پوچھنے والا نہیں اور اب تو پارکنگ میں کھڑی گاڑیاں بھی محفوظ نہیں رہیں کیونکہ گاڑیوں کے شیشے توڑ کر سامان چوری کرنے کے واقعات بھی معمول بن گئے ہیں۔
نہوں نے مزید کہاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے جرائم پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ سائٹ صنعتی ایریا کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے اور صنعتکار برادری لٹیروں کے رحم وکرم پر ہے کیونکہ محکمہ پولیس کو تمام صورتحال سے آگاہ کرنے کے باوجود جرائم کی روک تھام کے لیے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی جس سے صنعتکار برادری کا قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد کم ہورہاہے۔
عبدالہادی نے کہاکہ ماضی میں جب کوئی واقعہ رونما ہوتا تھا کہ پولیس افسران آن گراؤنڈ نظر آتے تھے مگر اب فیلڈ میں نظر نہیں آتے لہٰذا اس کلچر کو بدلنا ہوگا اور اعلیٰ پولیس افسران جب تک آن گراؤنڈ نہیں آئیں گے اورٹھنڈے کمروں سے باہر نہیں نکلیں گے تو نچلی سطح کے پولیس افسران اور اہلکار بھی اپنے فرائض سے انصاف نہیں کریں گے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، آئی جی سندھ مشاق مہراور کراچی پولیس چیف عمران یعقوب منہاس سے پُر زور اپیل کی کہ سائٹ ایریا میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف قرار واقعی کارروائی عمل میںلائی جائے اور مؤثر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے عملی اقدامات کیے جائیں۔