سیاسی شخصیات کی امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد

0
45

پاکستان بھر میں مسلمان آج عیدالاضحی مذہبی عقیدت و احترام سے منا رہے ہیں معروف سیاسی شخصیات کی جانب سے عوام کو عیدا لاضحیٰ کی مبارکباد اور کورونا وبا کے باعث احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی گئی ہے-

باغی ٹی وی : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فیصل مسجد میں عید کی نماز ادا کی اورعیدالاضحی پر عالم اسلام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کورونا کے عالمی امتحان میں سرخرو ہونے کے لیے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرے، عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، ماسک پہنیں، ہاتھ دھوئیں، سماجی فاصلہ رکھیں۔

مسلم لیگ ن کے صدر محمد شہباز شریف نے لاہورمیں عید کی نماز ادا کی اور عالم اسلام کو حج اور عیدالاضحٰی کی مبارک دی اور کہاہے کہ حج اس بار بھی کورونا وبا کے مصائب میں آیا ہے، اللّٰہ تعالی اس موذی مرض سے دنیا کونجات دے۔

عید الاضحی کے موقع پر پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قربانی کا جذبہ عالمگیر حیثیت کا حامل ہے، دنیا میں کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو،قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد انسان کا اپنی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت پوری امتِ مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی ہے۔

عید کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عیدالاضحیٰ، اللّٰہ تعالیٰ کی رضا کے سامنے غیر مشروط طور سر بسجود ہونے اور اس پر کامل یقین رکھنے کی یاد دلاتی ہے، اور اپنی ذات کو بالائے طاق رکھ کر ایک عظیم مقصد کی خاطر قربانی دینے کا درس ہے۔

ملتان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دربار حضرت بہاءالدین زکریا ؒپہنچ گئے وہاں عید کی نماز ادا کی عید الاضحی کے موقع پر پیغام میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پوری قوم کو عید کی مبارک باد دیتا ہوں یہ دوسرا سال ہے کہ امت مسلمہ پوری طرح حج سے مستفید نہیں ہو سکے، کورونا وبا کی وجہ سے محدود لوگوں نے حج کی سعادت حاصل کی دعا ہے کہ آئندہ سال سب کو حج کی سعادت نصیب ہو-

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارک باد پیش کی ہے عید کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عید الاضحیٰ قربانی، ایثار اورخوشیاں بانٹنے کا تہوار ہے عید پر محروم طبقے کے ساتھ خوشیاں منانا ہمارا دینی اور قومی فریضہ ہے –

انہوں نےکہا کہ کورونا کی چوتھی لہر کے پیش نظر عید سادگی سے منانا ہمارا قومی فریضہ ہے عید پر ماسک ضرور پہنیں اور ہاتھوں کو بار بار دھوئیں عوام عید الاضحیٰ پر سماجی فاصلے برقرار رکھیں او ر ایس او پیز پرعمل کریں مظلوم کشمیری بھارتی ظلم وستم میں یہ عید الاضحیٰ منا رہے ہیں مودی سرکار نے کشمیری عوام سے عید کی خوشیاں چھین لی ہیں پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے-

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد پیش کی –

وزیرمملکت اطلاعات فرخ حیبب نے عید کی مبارکابد پیش کی اورکہا کہ جن لوگوں نے ویکسین نہیں لگوائی ،وہ لازمی ویکسین لگوائیں عیدالاضحی ایثار اور قربانی کا درس دیتی ہے-

Leave a reply