اداکارہ صبور علی نے کہا ہے کہ کبھی کبھی دل کرتا ہے کہ اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس ڈیلیٹ کردوں-
باغی ٹی وی : صبور علی نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو کے دوران سوشل میڈیا کی تنقید سے بھری دُنیا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر آپ چاہے کچھ اچھا پوسٹ کریں یا بُرا پوسٹ کریں، لوگوں نے تنقید لازمی کرنی ہوتی ہے۔
صبور علی نے کہا کہ سوشل میڈیا صارفین کی تنقید سے بہت دُکھ ہوتا ہے لیکن اب میں منفی باتوں کی زیادہ پرواہ نہیں کرتی ہوں اور کوشش کرتی ہوں کہ صرف مثبت باتوں کی طرف اپنی توجہ مرکوز کروں۔
انٹرویو ز میں جان بوجھ کر حساس موضوعات کو چھیڑا جاتا ہے صبور علی
صبور نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ اپنی نجی زندگی کو سوشل میڈیا پر شیئر نہ کروں تاکہ لوگوں کی تنقید سے بچ سکوں اور صرف مثبت چیزوں کو ہی پوسٹ کروں اس کی ایک وجہ ہے اور وہ یہ ہے کہ لوگوں کو معلوم ہو، دُنیا میں کچھ اچھی چیزیں بھی ہورہی ہیں۔
صبور علی نے کہا کہ سوشل میڈیا کی دُنیا بہت خطرناک ہوتی جارہی ہے اور اسی وجہ سے کبھی کبھی میرا دل کرتا ہے کہ میں اپنے سارے اکاؤنٹس ڈیلیٹ کروں میرا دل نہیں کرتا کہ میں اپنی تصویروں کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کروں کیونکہ ہر طرف صرف نفرت ہی نفرت ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ دوسری طرف ہم فنکاروں کے لیے سوشل میڈیا پر متحرک رہنا بھی ضروری ہے کیونکہ یہ اب ہمارے کام کا حصہ بن چکا ہے۔