ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی زیرقیادت فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی ریلی: عالمی دہشت گرد اسرائیل کی بھرپور مذمت

0
15

لاہور :-ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی زیرقیادت فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی ریلی: عالمی دہشت گرد اسرائیل کی بھرپور مذمت اطلاعات کے مطابق معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر آج ملک بھر میں سرکاری طور پر فلسطین کے ساتھ یوم اظہار یکجہتی منایا گیا ہے۔ پاکستان نے دنیا کو پیغام دیا ہے کہ 220ملین افراد فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور اسرائیلی جارحیت کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ فلسطینی بے بسی کی تصویر بن کر مسلم امہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے ضلعی انتظامیہ لاہورکے زیراہتمام لبرٹی چوک میں نکالی گئی ریلی کی قیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض، ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا، صدرلاہور پریس کلب ارشد انصاری اور ددیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج پاکستان کا بچہ بچہ اسرائیل کو للکارتے ہوئے فلسطینیوں کی دادرسی کے لئے باہر نکلا ہے۔ ہمارے نوجوان فلسطینیوں کے خون کو دیکھ کر مضطرب ہیں۔ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا یک زبان ہے کہ اسرائیل کے حملوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ اسرائیل دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے جس نے جنگ کے قوانین کو پاؤں تلے روندتے ہوئے انسانیت کا مذاق اڑایا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ مغربی میڈیا جو کہ انسانوں کے حقوق کا علمبردار بنتا ہے، ان کو فلسطینیوں کی آہیں و صدائیں سنائی نہیں دے رہیں۔ مغربی میڈیا اس پر چپ سادھے بیٹھا ہے۔ جس میڈیا نے اسرائیل کی سفاکانہ حرکتوں کو بے نقاب کیا اس کو تباہ کیا گیا۔ دنیا غلامی کی زنجیریں توڑے اور فلسطینیوں اور کشمیریوں کے حق کی آواز کو بلند کرے۔

 

 

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے اسرائیل کی جارحیت کے خلاف آواز بلند کر کے بھرپور کردار ادا کریں۔ دنیا میں جہاں کہیں بھی ناانصافی ہو گی عمران خان انسانیت کا مسیحا بن کر سامنے آئیں گے۔ ڈاکٹرز فورم کے ذریعے عراقیوں کی طرح فلسطینیوں کو بھی ادویات پہنچائیں گے۔ جو ڈاکٹرفلسطینیوں کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں وہ حکومت سے رابطہ کریں۔ معاون خصوصی نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو1122، پنجاب پولیس، چائلڈ پروٹیکشن بیورو، پی ٹی آئی کے کارکنان اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بھرپور شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

بعدازاں معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے صوبائی وزیرزراعت سید حسنین جہانیاں گردیزی کے ہمراہ ایوان وزیراعلیٰ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زراعت کا شعبہ ملک کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پی ٹی آئی کا منشور اور فوکس زراعت کی ترقی سے جڑا ہے۔ پی ٹی آئی زراعت کو ترقی دے کر کسان کو خوشحال بنانا چاہتی ہے۔ کسان خوشحال ہو گا تو ملک خوشحال ہو گا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ پی ٹی آئی کسان کے حقوق کی ضامن ہے اور کسان کے حق پر کسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ پی ٹی آئی کسان دوست پالیسیوں کی بدولت پہلی مرتبہ زراعت کو فروغ ملا، کسان خوشحال ہوا اور فصلوں کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔ کسان کو بااختیار بنانا اور سہولتیں فراہم کرنا ہمارا مشن ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نئی پالیسی تیار کی جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سپیکر اور راجہ بشارت اسمبلی کے معزز ممبران ہیں۔عوامی نمائندے عوام کے مسائل سے آگاہ رہتے ہیں اور ان کا سافٹ ویئر ہر گھنٹے بعد اپ ڈیٹ ہوتا رہتا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ صرف گنے کی مد میں سوا سو ارب روپے کا کاشتکاروں کو فائدہ ہوا۔ 26 ارب روپے کے وا جب الادا بقایا جات بھی ادا کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک جمہوری جماعت ہے اور وزیراعظم عمران خان اس جماعت کو انسٹی ٹیوشن میں بدلنا چاہتے ہیں۔ شاہی خاندان کے خلاف بولنے والوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی جاتی تھیں۔ ہم نے جہانگیرترین گروپ کی آوازوں کو سنا ہے۔ جہانگیرترین نے گروپ نے عوامی فائدے کی بات کی ہے۔ جہانگیرترین نے ہمیشہ کہا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کا حصہ ہیں۔ پی ٹی آئی ایک فیملی کی مانند ہے جو آئندہ بھی تمام مسائل اندرونی سطح پر حل کرتی رہی گی۔

ڈاکٹرفردوس عاشق نے کہا کہ جہانگیرترین نے وزیراعلیٰ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ پی ٹی آئی اپنے ممبران کے تمام گلے شکوؤں کا ازالہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا کسان اتحاد کی سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں۔ ہم کسان کی جدوجہد اور ان کے حقوق کے لئے کھڑے ہیں۔ باقی ساتھی بھی جب چاہیں ان کے لئے وزیراعلیٰ آفس کے دروازے کھلے ہیں۔ ٭٭٭

Leave a reply