بھارت میں کورونا بحران: سونو سود کا پورےگاؤں کو راشن فراہم کرنے کا وعدہ
بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری تباہ کن لہر کا شکار مریضوں کی مدد کے لئے سونو سود بھی سامنے آ گئے-
باغی ٹی وی : کورونا وائرس کے باعث بھارت میں حالات ابتر ہوتے جارہے ہیں ایسے میں بالی ووڈ شخصیات بھی کویوڈ کے خلاف جنگ میں اپنے ہم وطنوں کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہوئے ہیں ایسے اداکاروں میں ایک نام سونو سود کا ہے-
اداکار نے ریاست مدھیہ پردیش کے ایک پورے گاؤں کو لاک ڈاؤن کے خاتمے تک کھانا فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں کورونا کو شکست دینے والے سونو سود نے اس بات کا اعلان ریئلیٹی شو ’ ڈانس دیوانے ‘ کی حالیہ قسط میں کیا۔
مقابلے میں شریک ایک امیدوار اُدے سنگھ نے سونو سود کو بتایا کہ وہ ایک دہاڑی دار مزدور ہے اور ا س کے گاؤں نیمچھ میں لوگ لاک ڈاؤن کی وجہ سے دو دودن تک فاقے کرتے ہیں یہ بات سن کر سونو نے شو کے سیٹ پر ہی ادے کے پورے گاؤں کو لاک ڈاؤان کے خاتمے تک کھانا فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔
سونونے ادے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ’ لاک ڈاؤن ایک مہینے رہے، دو مہینے یا چھے مہینے آپ کے پورے گاؤں کو میری طرف سے راشن ملتا رہے گا۔
یاد رہے کہ کوویڈ کی پہلی اور دوسری لہر میں بھی سونو ضرورت مند افراد کے لیے ادویات، آکسیجن سلنڈر اور دیگر اشیا فراہم کرنے کی تگ و دو میں لگے رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار جان ابراہم نے کورونا کی بدترین صورتحال میں متاثرین کی مدد اور درست معلومات کیلئے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس این جی اوز کے حوالے کردئیے تھے-
اس سے قبل سلمان خان اور ان کی فاؤنڈیشن نے گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی کورونا کیخلاف فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز میں امدادی سامان تقسیم کیا سلمان خان امدادی سامان کی تقسیم سے قبل خود اس کو چیک کرنے پہنچے اور اپنی ٹیم کا حوصلہ بھی بڑھایا۔
گزشتہ دنوں نئی دہلی کے اسپتال میں کورونا مریضوں کیلئے آکسیجن کی کمی کی خبریں سامنے آنے پر پورے بھارت میں بھونچال مچ گیا تھا تاہم اس نازک موقع پر اداکارہ سشمیتا سین پیچھے نہ رہیں اور ممبئی میں ہوتے ہوئے دہلی کے اسپتال کیلئے آکسیجن کی فراہمی میں مدد کی۔
جبکہ اداکار اکشے کمار نے کورونا ریلیف ورک کے لیے کرکٹر گوتم گمبھیر کی این جی او کو ایک کروڑ روپے د ینے کا اعلان کیا تھا بعد ازاں اجے دیوگن نے بھی آئی سی یو کے لئے ایک کروڑ روپے عطیہ دیا تھا-
واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وبا کی بگڑتی صورتحال کی وجہ سے اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی اور صحت کے نظام پر دباؤ بہت زیادہ بڑھ گیا ہے۔ گزشتہ کئی دنوں کے دوران اسپتالوں میں بستر اور آکسیجن نہ ملنے کی وجہ سے سیکڑوں افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔