صدرپاکستان آصف علی زرداری کی صحت یابی کے لیے مکہ اور مدینہ میں خصوصی دعا کرائی گئی

کوٹ چھٹہ (باغی ٹی وی، تحصیل رپورٹر) صدر مملکت آصف علی زرداری کی صحت یابی اور عمر درازی کے لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں خصوصی دعا کی گئی۔ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر اور ڈویژنل عہدیدار تحصیل کوٹ چھٹہ پی پی 290 کے رہنما، الحاج غلام سرور دلشاد نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ سعودی عرب میں کام کے سلسلے میں موجود ہیں اور جیسے ہی صدر مملکت آصف علی زرداری کی ناساز طبیعت کی خبر ملی، انہوں نے مکہ اور مدینہ میں ان کی صحت یابی کے لیے دعا کا اہتمام کیا۔

الحاج غلام سرور دلشاد نے صدر زرداری کو سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو جاری رکھنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے، جو ہمیشہ مزدوروں، کسانوں اور ہاریوں کے حقوق کی حفاظت کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں غریب اور نادار طبقے کی فلاح کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے اور اس بار بھی وہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ الحاج غلام سرور دلشاد نے اپنی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بطور کارکن پارٹی کی پالیسیوں کے مطابق غریب عوام کی خدمت میں پیش پیش رہیں گے۔

Comments are closed.