ایس ایس پی حفیظ الرحمن بگٹی پر الزامات جھوٹے ثابت، گھوٹکی میں دوبارہ تعیناتی کا حکم

میرپورماتھیلو(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمشتاق لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر حفیظ الرحمن بگٹی پر لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد ثابت ہو گئے ہیں۔ آئی جی سندھ کو صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے ہدایت دی گئی ہے کہ امن و امان کی صورتحال اور کسی بھی خون خرابے سے بچنے کے لیے ڈاکٹر حفیظ بگٹی کو دوبارہ گھوٹکی میں تعینات کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق، اب کیس کی انکوائری صرف ڈی آئی جی سکھر پیر محمد شاہ کریں گے۔ سات دنوں کے اندر ڈاکٹر حفیظ بگٹی کو گھوٹکی کے ایس ایس پی کا چارج دوبارہ سونپ دیا جائے گا۔

حفیظ بگٹی پہلے بھی وفاقی حکومت کے خصوصی حکم پر گھوٹکی میں تعینات کیے گئے تھے، جہاں انہوں نے 20 دنوں میں علاقے کے کچے اور پکے علاقوں میں ڈاکوؤں کی سرگرمیوں کو بے نقاب کر کے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ ان کی فوری کارروائیوں نے عوام کے دلوں میں ان کے لیے احترام اور محبت پیدا کی۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی حفیظ بگٹی کی واپسی سے علاقے میں امن و امان کی بحالی میں مزید بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔

Comments are closed.