سٹیٹ آف آرٹ سپیشل اکنامک زونز بنائیں گے،پرویزالہیٰ

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں تاجر برادری اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے تاجر برادری اور صنعتکاروں کے مسائل فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت نے آتے ہی تاجروں کیلئے کاروبار میں آسانیاں پیدا کی ہیں۔ کاروبار کے اوقات کار کی پابندی کو پورے صوبے میں ختم کر دیا ہے اور کاروباری مراکز او رمارکیٹیں پورے ہفتے کھولنے کی اجازت دی ہے۔تاجروں اور صنعتکاروں کے لئے صوبے میں مزید سہولتیں فراہم کریں گے۔صوبے میں سٹیٹ آف آرٹ سپیشل اکنامک زونز بنائے جائیں گے اور اس سلسلے میں دنیا کے کامیاب ماڈل سے استفادہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں ایگرو بیسڈ اکا نومی کو فروغ دیا جائے گا۔ زرعی شعبہ ترقی کرے گا تو معیشت فروغ پائے گی۔ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے فیصلے کریں گے۔تاجر برادری و صنعتکاروں کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔تاجر برادری و صنعتکاروں کے مسائل حل کیلئے وزیراعلیٰ آفس میں فوکل پرسن تعینات کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پرانی انڈسٹریل اسٹیٹس کو بھی ڈویلپ کیا جائے گا۔صنعتی ترقی کا عمل تیز ہونے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اورمعیشت مضبوط ہوگی۔

عرفان اقبال شیخ نے اس موقع پر کہا کہ آپ نے اپنے سابق دور میں صنعتی ترقی کیلئے جو کام کئے اس کی آج بھی مثال دی جاتی ہے۔ریسکیو 1122 ہو یا ٹریفک وارڈن سسٹم، آپ کے کام خود بولتے ہیں۔ آپ جیسا ویژنری وزیراعلیٰ ہی صوبے کو آگے لے جا سکتا ہے۔انجم نثار نے کہا کہ آپ کے سابق دور میں سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کی بنیاد رکھی گئی اور ایکسپو سینٹر بنا۔ آپ نے جو کام بھی کئے وہ لوگوں کو آج بھی یاد ہیں۔

خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ پنجاب کے عوام کیلئے آپ کی خدمات کا زمانہ معترف ہے۔ جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے آپ نے تعلیم اور صحت کے معیاری ادارے بنائے۔ حافظ عمار یاسر، سیکرٹری صنعت، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات اور فیڈریشن کے عہدیداران و معروف صنعتکار بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Comments are closed.