میرپورخاص: مساجد سے موٹر سائیکل چوری کرنے والا ملزم گرفتار
میرپورخاص(باغی ٹی وی ،نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ)پولیس نے مساجد اور دیگر مقامات سے موٹر سائیکل چوری کرنے والے ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او سٹلائٹ ٹاؤن پولیس اسٹیشن انسپکٹر غازی خان راجڑ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد جابر راجپوت کو گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضے سے قاری یعقوب مدرسہ، مغل اعظم ٹاؤن سے 3 دن قبل چوری ہونے والی بنام ہندال کنمبار موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔
ملزم کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ہوئی تھی جو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو چکی تھی۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے جرواری شاخ سے بھی ایک موٹر سائیکل چوری کی تھی اور مختلف مساجد سے مسلسل چوریاں کرتا رہا ہے۔
ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 166/2024 بجرم دفعہ 381A سٹلائٹ ٹاؤن تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور مزید وارداتوں کے انکشافات متوقع ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چوری کی ان وارداتوں پر بروقت کارروائی سے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے گا، جبکہ ملزم سے برآمدگی کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔