کورونا وائرس کی ویکسین کی آمد کے بعد سٹاک مارکیٹ میںزبردست تیزی
باغی ٹی وی : کورونا وائرس کی ویکسین کی آمد کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں انویسٹرز زبردست انداز میں سرمایہ کاری کرنے لگے، انڈیکس 353.29 پوائنٹس بڑھ گیا، 100 انڈیکس ساڑھے تین سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی جارہی ہیں، کاروبار کا آغاز زبردست انداز میں ہوا، صبح دس بجے کے قریب انڈیکس 300 پوائنٹس سے بڑھ گیا تھا۔
کاروبار کے دوران تیزی کا تسلسل دیکھنے کو ملا، دوپہر بارہ بجے تک انڈیکس میں 457.74 پوائنٹس کی زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی تھی اور 47 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی۔ تیزی کے باعث ایک موقع پر انڈیکس 47123.82 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.76 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 32 کروڑ 43 لاکھ 86 ہزار 519 شیئرز کا لین دین ہوا، جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 80 ارب روپے سے زائد کا فائدہ حاصل ہوا
تاہم کاروبار کے اختتام پر یہ سطح برقرار نہ رہ سکی اور پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس 353.29 پوائنٹس بڑھ گیا جس کے باعث مزید چار حدیں بحال ہو گئیں، بحال ہونے والی حدوں میں 46600، 46700، 46800، 46900 شامل ہیں جبکہ کاروبار کا اختتام 46933.63 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر ہوا۔