حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگارشمائلہ) شہر بھر میں آوارہ کتوں کی بھرمار نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ آئے روز کتوں کے کاٹنے کے واقعات پیش آ رہے ہیں، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حافظ آباد شہر کی مختلف سڑکوں اور علاقوں میں آوارہ کتوں کی بہتات ہو گئی ہے۔ کتے نہ صرف راہگیروں پر حملہ آور ہوتے ہیں بلکہ گھروں میں داخل ہو کر بھی لوگوں کو کاٹ رہے ہیں۔ گزشتہ روز ایک بزرگ شہری ان کتوں کا نشانہ بنے، جنہیں شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
شہریوں کا مطالبہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور میونسپل کمیٹی حافظ آباد فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس لیں اور آوارہ کتوں کو تلف کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ شہریوں نے شہر بھر میں کتا مار مہم شروع کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے تاکہ انہیں ان خونخوار آوارہ کتوں سے نجات مل سکے۔
شہریوں نے ان علاقوں کی نشاندہی بھی کی ہے جہاں آوارہ کتوں کی تعداد زیادہ ہے، جن میں کسوکی روڈ قبرستان کے قریب، کلمہ چوک، کولو روڈ پٹرول پمپ سے آگے سبزی منڈی تک، گوجرانوالہ روڈ، علی پور روڈ، جلالپور روڈ وغیرہ شامل ہیں۔ ان علاقوں میں آوارہ کتے گلی محلوں میں گھومتے نظر آتے ہیں اور متعدد افراد کو کاٹ چکے ہیں۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ محکمے اور میونسپل کمیٹی حافظ آباد فوری طور پر ان آوارہ کتوں کو تلف کریں اور شہریوں کو ان سے نجات دلائیں۔