شہریوں کی رپورٹوں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے پشاور پولیس کی کاروائی، دو ملزم گرفتار

0
22

پشاور پولیس کی جانب سے مختلف کاروائیوں کے دوران قتل میں ملوث دو ملزمان گرفتار کر لیے گئے اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا-

پشاور میں کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے تھانہ خزانہ اور تھانہ چمکنی کی حدود میں دو مختلف کاروائیوں کے دوران قتل کے دو الگ الگ واقعات میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیے۔ گرفتار ملزمان میں ایک نے مستورات کے تنازعہ پر اور دوسرے نے زبانی تکرار پر ایک شخص کو قتل کر دیا تھا. دونوں ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرائم کا اعتراف کر لیا ہے جن کے قبضہ سے آلۀ قتل بھی برآمد کر لئے گئے- تفصیلات کے مطابق مدعی عبد الصمد ولد عبد الرزاق سکنہ قادر خیل چمکنی نے تھانہ خزانہ پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ اس کے بیٹے عامر کو نامعلوم ملزم نے قتل کیا ہے، جس پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔

ایس پی رورل سجاد حسین نے نوجوان کے اندھے قتل کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی گران اللہ اور ایس ایچ او تھانہ خزانہ اعجاز نبی پر مشتمل ٹیم تشکیل دیکر ملوث ملزم کو گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالہ کیا – ایس ایچ او تھانہ خزانہ اعجاز بنی نے جدید سائنسی خطوط پر مختلف زاویوں سے تفتیش شروع کرتے ہوئے متعدد مشکوک افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا جس کے دوران واردات میں ملوث ملزم وقاص ولد سید اکبر سکنہ تہکال کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کےدوران مقتول عامر کو مستورات کے تنازعہ پر قتل کرنے کا اعتراف کرلیا جس کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کرلیاگیا۔

اسی طرح ایس پی رورل سجاد حسین کو خفیہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ تھانہ خان رازق شہید کو قتل میں مطلوب ملزم تھانہ چمکنی کی حدود میں موجود ہے جس پر اے ایس پی چمکنی زنیر احمد چیمہ کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ چمکنی سردار حسین نے دیگر نفری پولیس کے ہمراہ فوری کارروائی کر تے ہوئے ملزم ذبیح اللہ ولد قدیم سکنہ یکہ توت کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزم نے زبانی تکرار پر امتیاز عالم نامی شخص کو قتل کردیا تھا۔ دونوں ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جن کے قبضہ سے آلۀ قتل اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔

Leave a reply