بھارتی افواج کے ہاتھوں ایک دن میں 13کشمیریوں کی شہادت کی شدید مذمت،پاکستان نے تحقیقات کا مطالبہ کردیا

0
35

اسلام آباد:بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں ایک دن میں 13کشمیریوں کی ماورائے عدالت شہادت کی شدید مذمت،پاکستان نے تحقیقات کا مطالبہ کردیا،اطلاعات کے مطابق پاکستان گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک دن میں 13 کشمیریوں کی ماورائے عدالت شہادت کی شدید مذمت کرتا ہے۔

نام نہاد ”دراندازی“ روکنے کی کارروائی کے بہانے جعلی مقابلوں میں کشمیری نوجوانوں کی ماورائے عدالت مسلسل شہادتوں، پر پاکستان کو شدید تشویش ہے۔ عالمی برادری کورونا عالمی وباءسے برسرپیکار ہے اور بھارت اس موقع کو بے گناہ کشمیری عوام پر ظلم وجبر میں اضافے کے لئے بروئے کار لارہا ہے۔

ایک دن میں 13کشمیریوں کی ماورائے عدالت شہادت اس امر کا بین ثبوت ہے کہ بھارتی حکومت کس طرح انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کا ارتکاب کررہی ہے۔ اپنے ان جرائم کو چھپانے کے لئے بھارتی حکام مزاحمت کرنے والے کشمیریوں پر ”دراندازی“ اور ”تربیت“ کے گھسے پٹے الزامات لگاتے ہیں۔ بھارت کو سمجھنا ہوگا کہ ان کی بیہودہ وبے بنیاد الزام تراشی کی عالمی برادری کی نظر میں کوئی ساکھ نہیں۔ ’آر۔ایس۔ایس، بی۔جے۔پی‘ دونوں دنیا کے سامنے اپنے انتہا پسند ہندتوا ایجنڈے، غیرقانونی اور غیرانسانی اقدامات سے بے نقاب ہوچکی ہیں۔

بھارت یاد رکھے کہ مظالم، جبرواستبداد کے ذریعے بھارت کشمیری عوام کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتا اور نہ ہی پاکستان مخالف پراپگنڈہ مہم چلانے سے ہی بھارت اپنے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور ریاستی دہشت گردی سے دنیا کی توجہ ہٹاسکتا ہے۔ ہر کشمیری کی شہادت سے کشمیریوں کا بھارتی قبضہ سے آزادی کا عزم مزید پختہ و مضبوط ہوگا۔ کشمیری کبھی بھی اپنے استصواب رائے کے ناقابل تنسیخ حق سے دستبردار نہیں ہوں گے جو انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت حاصل ہے اور پاکستان کی قیادت اور عوام اس مقصد کے حصول تک کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کی بھرپور حمایت کے عہد سے زرا سا بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

عالمی برادری کشمیری عوام کے خلاف بھارت کو سنگین جرائم کے ارتکاب سے روکنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے اور عالمی قانون و انسانی حقوق کے متعلقہ کنونشنز کے تحت بھارت کا محسابہ کرے۔

Leave a reply