سکھر (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ کی ہدایت پر سکھر اور خیرپور پولیس کی جانب سے بھاگڑجی کے کچے کے علاقے میں دو روز سے جاری پولیس آپریشن میں ڈاکوؤں پر دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ تابڑ توڑ کارروائیوں سے بوکھلاہٹ کا شکار ڈاکوؤں نے گزشتہ شب جوابی کارروائی کے طور پر سکھر سے تین اور خیرپور سے نو افراد کو اغوا کر لیا تھا۔
ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی قیادت میں پولیس نے کچے کے علاقے میں فوری ٹارگٹڈ آپریشن کیا، جس کے دوران مغویوں کو باحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق اغوا کار مغویوں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ پولیس سے آمنا سامنا ہو گیا، جس کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو زخمی ہوئے۔
ڈاکوؤں نے بھاری ہتھیاروں سے پولیس کی بکتر بند اے پی سی گاڑیوں پر فائرنگ کی، جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا۔ تاہم پولیس کے مؤثر ردعمل کے بعد ڈاکو مغویوں کو چھوڑ کر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جنگلات کی طرف فرار ہو گئے۔ پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں کا تعاقب جاری ہے۔
بازیاب ہونے والے مغوی افراد میں 9 کا تعلق ضلع خیرپور جبکہ 3 کا تعلق ضلع سکھر سے ہے۔ بازیاب نوجوانوں میں وہ تین افراد بھی شامل ہیں جنہیں گزشتہ شب بچل شاہ میانی کے علاقے سے اغوا کیا گیا تھا اور جن کا تعلق سولنگی برادری سے ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور سکھر رینج پولیس کے حوصلے بلند ہیں۔ ڈاکوؤں کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رکھا جائے گا۔