کدھر جائیں یہاں تو جانوروں کا حق بھی کھایا جارہا ہے، سپریم کورٹ حیران

0
36

کراچی : بڑے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس ملک میں تو افسران بالا جانورں کا حق بھی کھا جاتے ہیں. سپریم کورٹ کے جسٹس گلزار احمد نے آج کراچی میں ایک کیس کی سماعت کے دوران شہر قائد کے چڑیا گھر سے متعلق اہم ریمارکس دیے ۔ انہوں نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن حکام سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ لوگوں نے بچوں سے سب چھین لیاہے۔ پتہ نہیں چڑیا گھر میں جانور بھی ہیں یا نہیں؟

سماعت کے دوران ایک موقع پر جسٹس گلزار احمد نے پیشی پر آئے ہوئے کے ایم سی حکام سے استفسار کیا کہ کیا چڑیا گھر میں گھاس لگی ہے؟کے ایم سی افسران نے عدالت کو جواب دیا کہ چڑیا گھر میں گھاس لگائی جا رہی ہے ۔اس پر جسٹس گلزار احمد نے کہا چڑیا گھر میں گھاس تو بنیادی چیز ہے۔ چند ٹکوں کی خاطر پورا شہر بیچ ڈالاہے۔ بچوں سے ان کی سرگرمیوں کی جگہیں بھی چھین لی گئیں۔ یہ شہری اور صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری تھی۔

جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ مت سمجھیں کہ لوگ بیوقوف ہیں،سب سمجھ رہے ہیں کہ کس کے فائدہ کے لیے کیا ہو رہا ہے؟ ہم اب بھی ابتر صورتحال میں کھڑے ہیں۔جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ مئیر کہتے ہیں آپ نے اجلاس میں انہیں نہیں بلایا۔ شہر کے بارے میں اجلاس میں مئیر نہیں ہوگا تو کیا فائدہ؟ سمجھ نہیں آرہا، مئیر صاحب کیسے کہہ رہے ہیں کہ ان کے پاس پیسہ نہیں ہے۔

Leave a reply