35 کروڑ روپےتاوان کا مطالبہ کرنےوالے ملزمان گرفتار

خوشاب:35 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کرنے والے ملزمان گرفتار،اطلاعات کے مطابق خوشاب پولیس نے باپ اور بیٹے کو اغوا کرکے پینتیس کروڑ روپے تاوان طلب کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق باپ اور بیٹے کو ملزمان نے ایک ماہ قبل راول پنڈی جاتے ہوئے اغوا کیا تھا۔ باپ اور بیٹا دونوں برطانوی شہریت بھی رکھتے ہیں۔ کارروائی کے دوران دونوں کو بحفاظت طریقے سے بازیاب کرالیا گیا۔اغوا کار ملزمان نے باپ بیٹے کو خیبر پختونخوا کے نواحی علاقے جمرود میں چھپا کر رکھا ہوا تھا۔ ملزمان کی جانب سے دونوں کی رہائی کے لیے پينتيس کروڑ روپے تاوان طلب کیا گیا تھا۔
ملزمان نے دونوں کو 29 اگست کو مظفر گڑھ کے علاقے جوہر آباد سے اغوا کیا تھا۔پولیس کی جانب سے اغوا کاروں سے متعلق مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے ملنے والے معلومات پر سہولت کاروں کے خلاف کارروائی بھی کی جا رہی ہے اور جلد انہیں بھی گرفتار کرلیا جائے گا۔
ادھرکراچی سے قیمتی موٹرسائیکلیں چھین کر بلوچستان میں فروخت کرنے والے 7 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شھر کراچی سے نئی قیمتی موٹرسائیکلیں چھین کر خضدار بلوچستان میں فروخت کرنے والے گروہ سمیت اسٹریٹ کرائم، موٹرسائیکل لفٹنگ و منشیات فروشی میں ملوث 7 ملزمان تھانہ سعید آباد پولیس نے گرفتار کر لیے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تھانہ سعید آباد پولیس نے 4 مختلف کاروائیوں میں اسٹریٹ کرائم، موٹر سائیکل لفٹنگ و منشیات فروشی میں ملوث 7 مطلوب ملزمان گرفتار کرلیے ہیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ پہلی کارروائی میں کراچی سے نئی قیمتی موٹرسائیکلیں چھین کر خضدار بلوچستان میں فروخت کرنے والے تین رکنی منظم گروہ کو خفیہ اطلاع پر چھینی گئی موٹرسائیکلیں بلوچستان لے کر جاتے ہوئے حب ریور روڈ سے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔
دوسری کارروائی میں اسٹریٹ کرائم و موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث دو ملزمان کو یوسف گوٹھ سے چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔