تاجر کو اغوا کرنے والی پولیس موبائل کا ڈرائیور ڈی ایس پی نکلا

0
27

: کراچی کے علاقہ صفورا چورنگی کے قریب تاجر کو اغوا کرنے والی پولیس موبائل کا ڈرائیور ڈی ایس پی نکلا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقہ صفورا چورنگی کے قریب دکاندار کو اغوا کرکے تاوان طلب کرنے والے ڈی ایس پی اور ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر میں ڈی ایس پی سمیت تین ساتھی اہلکاروں کو نامزد کیا گیا۔
پولیس افسر پر دکاندار کو موبائل میں اغوا کرکے تاوان وصول کرنے کا الزام ہے، سچل کی حدود صفورا گوٹھ سے کباڑی کو بغیر نمبر پلیٹ موبائل میں اغوا کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ڈی ایس پی موبائل چلارہا تھا اور دکاندار کو آنکھوں پر پٹی باندھ کر گھمایا جاتا رہا، پولیس نے دکاندار کے پاس موجود رقم ہتھیالی اور اس کے ماموں کو فون کرکے مزید پیسے منگوائے۔
دکاندار کے رشتے داروں نے 25 ہزار تاوان ادا کرکے اسے ڈی ایس پی سے چھڑوایا تھا۔ پولیس کو رقم ادا کرنے والوں نے موبائل فون سے ویڈیو بنالی تھی، تاجر کی درخواست پر ایس ایس پی ایسٹ کے حکم پر مقدمہ درج کیا گیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل شہر قائد میں شہری کو اغوا کر کے لوٹنے کے معاملے میں پولیس اہلکار ہی ملوث نکلے تھے۔ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) میں تعینات سب انسپکٹر عبدالرحمان اور ایس آئی یو کے اہلکار امجد نے لیاری چیل چوک سے شہری کو اغوا کیا۔
پولیس اہلکاروں نے شہری کو سپرہائی وے لے جا کر ڈرا دھمکا کر 25 لاکھ روپے چھینے اور شہری کو وہیں چھوڑ دیا۔ شہری کی اطلاع پر پولیس حکام نے ایس ایچ او کلاکوٹ کو مقدمہ درج کرنے اور ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ پولیس نے سب انسپکٹر عبدالرحمن اور کانسٹیبل امجد پر تھانہ کلاکوٹ میں مقدمہ درج کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

Leave a reply