پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ ملک میں تمام مدارس رجسٹرڈ ہیں اور ان میں دہشت گردی کی کوئی سرگرمی نہیں ہوتی۔استحکام پاکستان علماء مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ ہم یہودیوں کی بنائی ہوئی چیزیں چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ہیں، آج یہودیوں نے ہماری معیشت کو جکڑ رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی مدرسہ دہشت گردی میں ملوث ہے تو ہمیں اطلاع دیں، ہم خود اسے بند کریں گے۔ کل ملک بھر میں یوم استحصال کشمیر منایا جائے گا۔ آج جو فلسطینیوں کے ساتھ ہو رہا ہے، وہی کشمیریوں کے ساتھ بھی ہو رہا ہے۔
علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں یوم استحصال کشمیر منایا جائے گا۔ کوئی جبری گمشدگی نہیں ہوئی اور عدالتیں ابھی تک 9 مئی کے مجرموں کو سزا نہیں دے سکیں۔ میں چاہتا ہوں کہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر بات چیت کریں۔چیئرمین علماء کونسل نے کہا کہ اگر فوج سیاست میں نہیں آنا چاہتی تو ہم اسے زبردستی کیوں گھسیٹ رہے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ محمود خان اچکزئی ہی سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کریں گے۔ اگر ایران اسرائیل پر حملہ کرتا ہے تو پاکستان او آئی سی کے ساتھ کھڑا ہے اور او آئی سی کے فیصلوں کی حمایت کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہماری قانونی اور دینی جماعتوں کی مشاورت جاری ہے اور سب کی متفقہ رائے سے جو بھی فیصلہ ہوگا، اس پر عمل ہوگا۔ پاکستان کے کسی مدرسے میں کوئی منفی سرگرمی نہیں ہو رہی، اور اگر ہوئی تو ہم خود اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔علامہ طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ 14 اگست کو تمام مدارس پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے۔ جنہیں ہم نے 40 سال تک پالا ہے، وہ اب ہمیں آنکھیں دکھا رہے ہیں۔ تمام پاکستانی اپنے پرچم کی حفاظت اور اس کی عزت کرنا جانتے ہیں۔