تمام تر رکاوٹوں کے باوجود عوام کی خدمت جاری رکھیں گے، عمران اسماعیل

0
34

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت سندھ کے عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہے جس کے لیے 3.5ا رب روپے کے خطیر فنڈز مختلف اضلاع کے لیے مختص کیے گئے مگر افسوس سندھ حکومت نے این او سی فراہم نہیں کی جس کی وجہ سے سندھ میں ترقیاتی کاموں پر کام شروع نہ ہوسکا بلکہ فنڈز بھی واپس ہوگئے ۔
جب ایدھی فاؤنڈیشن، سیلانی اور دیگر ادارے کراچی میں کام کرسکتے ہیں تو وفاق کیوں کام نہیں کرسکتا انہوں نے عوام کے بہتر ترین مفاد میں سندھ حکومت سے درخواست کی کہ وہ ترقیاتی کاموں کے لیے این اوسی جاری کرے اور روڑے نہ اٹکائے اور وفاق کو کام کرنے دے کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ سندھ حکومت کے ساتھ سیاسی تعلقات شاید ہی استوار ہوں تاہم ورکنگ ریلیشن کی ضرور کوشش کریں گے جس کا پی ٹی آئی یا پیپلز پارٹی کو فائدے سے قطع نظر سندھ کی عوام کو ضرور فائدہ پہنچنا چاہیے۔
آج کراچی کی حالت زار دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے کیونکہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہیں مگر سندھ حکومت کچھ کرنے کے موڈ میں نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں’’ کیپٹن معیز فائر اینڈ ریسکیو اسٹیشن ‘‘کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان، سینئر نائب صدر شبیر اسماعیل، نائب صدر نعیم حیدر، این کے آئی ڈی ایم سی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر صادق محمد ،چیئرمین بورڈ فراز مرزا، سینئر ممبرز سید عثمان علی،سید طارق رشید، اختر اسماعیل و دیگر بھی موجود تھے۔
عمران اسماعیل نے ’’ کیپٹن معیز فائر اینڈ ریسکیو اسٹیشن ‘‘ کے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ صنعتی علاقوں کو فائر ٹینڈرز کی فراہمی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کی گئی ہے تا کہ صنعتی ایریاز میں کسی ناخوشگوار واقعہ رونما ہونے کی صورت میں بروقت امدادی سرگرمیاں انجام دی جاسکیں جس کے لیے ہمیں فائر بریگیڈ محکمے کی مہارت کی بھی ضرورت ہے۔
انہوں نے سندھ انڈسٹریل لائژن کمیٹی ( ایس آئی ایل سی) کو صنعتکار برادری اور وفاق کے درمیان روابط کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایس آئی ایل سی کی وجہ سے صنعتوں کو درپیش مسائل کے حل میں خاطر خواہ مدد میسر آئے گی۔نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان نے کہا کہ گورنر سندھ کی جانب سے صنعتی زونز کو فائر ٹینڈرز کی فراہمی قابل تعریف ہے لیکن ہماری درخواست ہے کہ فائر ٹینڈرز کے لیے تربیت یافتہ عملہ بھی فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ این کے آ ئی ڈی ایم سی نے اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے تمام تر قیاتی کام مکمل کیے لیکن اس کی دیکھ بھال کے اختیار ڈی ایم سی کے پاس ہیں جوکہ این کے آئی ڈی ایم سی کے پاس ہی ہونے چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ صنعتکاروں کو روزانہ 22 سے 23 سرکاری محکموں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے لیے ضروری ہے کہ ون ونڈو سہولت کا نظام رائج کیا جائے ۔

Leave a reply