تنگوانی: پولیس کا ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن، 15 مشتبہ افراد گرفتار

تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب پولیس نے مغویوں کی بازیابی اور ڈاکوؤں کے خلاف ایک بڑا سرچ آپریشن کیا ہے۔ ایس ایس پی زبیر نظیر شیخ کی سربراہی میں یہ آپریشن پکے کے علاقے جمال ڈوھورے اور جمال تھانے کی حدود میں کیا گیا، جہاں پولیس نے ڈاکوؤں کے درجنوں ٹھکانوں کو مسمار کرکے ان پر آگ لگا دی۔
اس آپریشن کا مقصد نہ صرف مغویوں کی بازیابی تھا بلکہ شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے گروہوں اور بھتہ خوری کی دھمکیاں دینے والے ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کرنا بھی تھا۔ پولیس نے اس دوران ڈاکوؤں کے کئی چھپے ہوئے ٹھکانوں کو تباہ کرکے ان پر آگ لگا دی تاکہ ان کا خاتمہ کیا جا سکے۔
پولیس آپریشن کے دوران مبینہ طور پر 15 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس ایس پی زبیر نظیر شیخ نے اس آپریشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک علاقے میں مکمل امن و امان قائم نہیں ہو جاتا۔
پولیس کے اس آپریشن سے علاقے کے عوام میں اطمینان پایا جا رہا ہے اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔