تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب تھانہ ڈیرہ سر کی حدود میں واقع ٹھل-کندھ کوٹ ہائی وے پر سوکڑ اسٹاپ کے قریب ڈاکوؤں نے پولیس چوکی کے سامنے دن دیہاڑے مسافر گاڑیوں کو روک کر مسافروں سے نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا، جب کہ پولیس خاموش تماشائی بنی رہی اور کوئی کارروائی نہ کی۔

عینی شاہدین کے مطابق ڈاکو دونوں اطراف سے آنے والی گاڑیوں کو روکتے رہے اور لوٹ مار کے بعد با آسانی فرار ہو گئے۔ پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں کے خلاف کسی قسم کی مزاحمت یا تعاقب نہیں کیا گیا، جس پر مشتعل مسافروں نے شدید گرمی میں سڑک پر احتجاجی دھرنا دیا اور روڈ کو بلاک کر دیا۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پولیس چوکی کے سامنے ہونے والی اس واردات پر فوری نوٹس لے کر ڈاکوؤں کو گرفتار کیا جائے اور مسافروں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر ملزمان کو جلد گرفتار نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

Shares: