تنگوانی (نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب ڈاکوؤں نے مسافر وین پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا اور دو مسافر زخمی ہوئے۔
خبر کے مطابق یہ واقعہ تنگوانی کے قریب ڈیرہ سرکی پولیس تھانے کی حدود میں ٹھل کندھ کوٹ ہائی وے پر صیفل اسٹاپ کے قریب پیش آیا۔ نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے آنے والی وین کو رکنے کا اشارہ کیا، لیکن وین نہ رکنے پر ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ڈرائیور یعقوب برڑو موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ دو مسافر شدید زخمی ہوئے۔
واقعے کے بعد ڈرائیور کے لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے ٹھل کندھ کوٹ روڈ بلاک کر دیا۔ مظاہرین نے غصے میں آ کر پولیس چوکی کو بھی آگ لگا دی جس سے پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
خبر لکھے جانے تک روڈ بلاک تھا اور مظاہرین پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے تھے۔ مظاہرین کا الزام ہے کہ پولیس نے ڈاکوؤں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔
پولیس حکام نے واقعے پر فی الحال کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔