میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ فریئرہال، باغ ابن قاسم، خالقدینا ہال اور کراچی کی دیگر تاریخی جگہوں پر شہریوں کے لئے ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق باغ ابن قاسم کلفٹن میں بحیثیت مہمان خصوصی چوتھے کراچی بائنل (کے بی) فیسٹیول کا افتتاح کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ چوتھے کراچی بائنل فیسٹیول میں ملک و بیرون ملک سے فنکاروں اور عمائدین کی بڑی تعداد میں شرکت خوش آئند ہے، بہت جلد شہریوں کے لیے ان تاریخی مقامات پر ہفتے میں تین دن ساز و آواز سننے کے مواقع مہیا کئے جائیں گے جس سے شہر کی رونقوں میں مزید اضافہ ہوگا، کراچی بائنل ٹرسٹ کی مینیجنگ ٹرسٹی نیلوفر فرخ ،کیوریٹر وحیدہ بلوچ اور ڈائریکٹر جنرل پارکس جنید اللہ خان کے علاوہ غیر ملکی سفارتکار، آرٹسٹ اور ممتاز شہری بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہریوں سے کہا کہ چوتھے کے بی فیسٹیول میں اپنی فیملی سمیت شرکت کرکے اپنے شہر کو اون کریں اور اس بات کا ثبوت پیش کریں کہ کراچی زندہ دل لوگوں کا شہر ہے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چوتھا کے بی فیسٹیول باغ ابن قاسم، فریئر ہال، این ای ڈی یونیورسٹی سمیت پانچ مختلف جگہوں پر منعقد ہونے سے شہر کے مختلف علاقوں میں رہنے والوں کو اس فیسٹیول سے محظوظ ہونے کا موقع ملے گا ،اس ایونٹ سے فنکاروں، مصوروں اور فنون لطیفہ سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی ہوگی اور نئے فنکاروں اور مصوروں کو اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کے مواقع میسر آئیں گے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہونے والے فیسٹیولز، علمی و ادبی کانفرنسز، کلچرل فیسٹیول اور سماجی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کے امیج کو بہتر بنانے اور شہر کی رونقوں میں اضافے کے لئے منعقد کئے گئے پروگرامز میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔اس موقع پر کراچی بائنل ٹرسٹ کی منیجنگ ٹرسٹی نیلوفر فرخ نے بتایا کہ کراچی بائنل میں پیش کیا جانے والا بینڈ اسینڈ ایک صدی پرانا ہے اور 1920 سے اس کے تحت پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اس فیسٹیول کے ذریعے عصری فنون کو تاریخی مقامات کے امتزاج کے ساتھ شہریوں کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے تاکہ اس فیسٹیول میں شرکت کرنے والے شہریوں کے ذہنوں میں طویل عرصے تک یہ یادیں محفوظ رہیں اور وہ ان سے ہمیشہ محظوظ ہوتے رہیں، انہوں نے بتایا کہ اس فیسٹیول میں 10 مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے مصوروں کے 40 سے زائد فن پارے شامل کیے گئے ہیں جسے شہریوں اور فن کے دلدادہ شائقین نے بے حد سراہا ہے اس کے علاوہ یہاں پیش کیے جانے والی ویڈیوز اور موسیقی سے بھی شہریوں نے بھرپور لطف اٹھایا ہے اور ان کے ذریعے شہریوں کو دیئے جانے والے پیغام کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
سندھ ہائی کورٹ کے توہین عدالت کی درخواست پرحکومت سندھ ودیگر کو نوٹس جاری
وزیراعلیٰ سندھ نے 7 روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا
کراچی:گاڑی ٹکر سے نجی ٹی وی چینل کا کارکن جاں بحق، ڈمپر نے نوجوان کچل دیا