طیبہ گل کیس، انکوائری کمیشن تشکیل، رابعہ جویریہ آغا کمیشن کی سربراہ مقرر

0
29

طیبہ گل کی جانب سے سابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کےخلاف الزامات کی تحقیقات کیلئے وفاقی حکومت نے انکوائری کمیشن تشکیل دے دیا۔

وفاقی حکومت نے طیبہ گل کے سابق چیئرمین نیب پر الزامات کے معاملے پر کمیشن قائم کر دیا ہے۔ حکومتی تحقیقاتی کمیشن کی سربراہ چیئرپرسن رابعہ جویریہ آغا ہوں گی۔ رابعہ جویریہ آغا قومی کمیشن انسانی حقوق کی چیئرپرسن بھی ہیں۔

قومی کمیشن برائے انسانی حقوق سندھ کی رکن انیس ہارون انکوائری کمیشن کی رکن ہوں گی، قومی کمیشن برائے انسانی حقوق پنجاب کے رکن ندیم اشرف بھی انکوائری کمیشن کے رکن ہوں گے۔ کمیشن کے ٹی او آرز بھی طے کر دیے گئے ہیں، کمیشن جنسی ہراسگی، اختیارات کے غلط استعمال کی تحقیقات کرےگا۔ کمیشن انتظامی انصاف کے عمل کی خلاف ورزی کا تعین کرے گا۔

قبل ازیں سابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال پر ہراساں کرنے کا الزام لگانے والی خاتون طیبہ گل کے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) میں دیے گئے بیان پر ڈی جی نیب میجر (ر) شہزاد سلیم نے رد عمل دیا تھا ۔ڈی جی نیب شہزاد سلیم نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ میرے علم میں آیا ہے کہ طیبہ گل نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو آڈیو سنائی، طیبہ گل نے یہ آڈیو سنا کر گمراہ کیا، اس پر شدید احتجاج کرتا ہوں۔شہزاد سلیم کا کہنا تھا کہ آڈیو میں میری بات نگہت بھٹی سے ہو رہی ہے، نگہت بھٹی کو بتایا گیا کیس میرٹ پر پورا اترنے تک کچھ نہیں کر سکتے، طیبہ گل کا کیس اور ہے جبکہ نگہت بھٹی کا اور کیس ہے۔ ڈی جی نیب نے کہا تھا کہ طیبہ گل سے میری کبھی کوئی بات نہیں ہوئی،اگر ایسا کہا گیا تو شدید احتجاج اور مذمت کرتا ہوں۔

Leave a reply