ڈیرہ غازی خان: تیزہوا سےسردی کی شدت میں اضافہ، غریب عوام کی مشکلات بڑھ گئیں

ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ) اتوار کے روز چلنے والی تیز اور سرد ہوا کی وجہ سے سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے۔ دن بھر سرد اور تیز ہوا کے ساتھ گرد و غبار نے شہر میں ماحول کو مزید سرد اور خشک کر دیا۔ اس اچانک تبدیلی نے خاص طور پر غریب عوام اور دیہاڑی دار مزدوروں کی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے جو سردی کے اس موسم میں گرم کپڑے خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔

لنڈے بازار میں گرم کپڑوں کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوگیا ہے۔ جو غریب عوام پہلے ان کپڑوں کو مناسب قیمت پر خرید سکتے تھے، اب وہ بھی بلند قیمتوں کی وجہ سے انہیں خریدنے سے قاصر ہیں۔ لنڈا بازار کے تاجروں کا کہنا ہے کہ ٹیکسوں کی بھرمار اور کرایوں میں اضافہ کی وجہ سے قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت لنڈے کے سامان اور کپڑوں پر ٹیکس ختم کرے تاکہ مہنگائی پر قابو پایا جا سکے اور غریب عوام کی قوت خرید میں اضافہ ہو۔

اس کے علاوہ سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی صحت کے مسائل بھی بڑھ گئے ہیں اور بیماریوں کا پھیلاؤ شروع ہوگیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو اس مسئلے کا فوری نوٹس لینا چاہیے اور غریب عوام کے لئے سستی اور معیاری گرم پوشاک فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرنا چاہیے تاکہ وہ اس شدید سرد موسم میں اپنی صحت اور حفاظت کا خیال رکھ سکیں۔

یہ صورتحال غریب طبقے کے لیے سنگین ہے جو پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کی زندگی کے لیے سرد موسم میں کام کرنا اور اضافی اخراجات برداشت کرنا مشکل ہو چکا ہے۔ شہریوں اور سماجی حلقوں نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملے میں ہمدردانہ غور کرے جس سے غریب اور دیہاڑی دار طبقے کی مشکلات میں کمی واقع ہوسکے.

Comments are closed.