تحریک لبیک پاکستان کی رکنیت سازی مہم، ہزاروں افراد نے ٹی ایل پی کی رکنیت حاصل کرلی۔
کراچی: امیر تحریک لبیک پاکستان امیر المجاہدین علامہ خادم حسین رضوی کی ہدایت پر ہفتے کو کراچی کے 6 اضلاع میں 100 سے زائد رکنیت سازی کیمپ لگائے گئے ،جہاں ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے ٹی ایل پی کی رکنیت حاصل کی ۔
تحریک لبیک پاکستان کراچی کے امیر علامہ رضی حسینی نے کامیاب رکنیت سازی مہم پر شہریوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے عوام نے تحریک لبیک پاکستان پر اپنے اعتماد کا اظہار کردیا ہے ۔ملک بھر کی طرح شہر قائد کے عوام بھی علامہ خادم حسین رضوی سے بے لوث محبت کرتے ہیں ۔آنے والے بلدیاتی انتخابات میں ٹی ایل پی شہر کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئے گی ۔
تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے ملک بھر کی طرح رکنیت سازی کی مہم کے سلسلے میں کراچی کے 6 اضلاع میں 100سے زائد رکنیت سازی کیمپ لگائے گئے ۔ تحریک لبیک پاکستان کراچی کے امیر علامہ رضی حسینی ،سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر مفتی قاسم فخری ،یونس سومرو ،ثروت فاطمہ اور ٹی ایل پی کے دیگر رہنماؤں نے کیمپوں کا دورہ کیا اور رکنیت سازی مہم کا جائزہ لیا ۔رکنیت سازی مہم کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے تحریک لبیک پاکستان کی رکنیت حاصل کی ۔
اس دوران کیمپوں میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا اور شہر کی فضاء لبیک یارسول اللہ کے نعروں سے گونجتی رہی۔ تحریک لبیک پاکستان کراچی کے امیر علامہ رضی حسینی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی کے شہریوں نے آج اپنا فیصلہ سنادیا ہے ۔عوام نے شہر کو مسائل کی آماج گاہ بنانے والی جماعتوں کو مسترد کردیا ہے اور تحریک لبیک پاکستان پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان ملک سے فرسودہ سیاسی نظام کا خاتمہ کرکے نظام مصطفی کے قیام کے لیے عملی جدوجہد کررہی ہے ۔ہماری قیادت کا یہ طرہ امتیاز ہے کہ وہ امتحان کی ہر گھڑی میں پہلی صفوں میں کھڑی نظر آتی ہے ۔امیر المجاہدین علامہ خادم حسین رضوی نے نوجوانوں میں نئی روح پھونک دی ہے اور وہ عقیدہ ختم نبوتۖ اور تحفظ ناموس رسالتۖ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے لیے تیار ہیں ۔
علامہ رضی حسینی نے کہا کہ رکنیت سازی مہم نے تحریک لبیک پاکستان کو ایک نئی قوت دی ہے اور ملک بھر میں لاکھوں لوگوں نے ٹی ایل پی میں شمولیت اختیار کی ہے ۔آج عوام کا جوش و جذبہ بتارہا ہے کہ مستقبل تحریک لبیک پاکستان کا ہے ۔انہوں نے کہا شہید ممتاز حسین قادری شہید ناموس رسالت ۖ ہیں ۔انہوں نے آقائے دوجہاں ۖ کی ناموس کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ مسلمان اپنی جان تو دے سکتا ہے کہ لیکن اپنے محبوب ۖ کی ناموس پر کبھی آنچ نہیں آنے دے گا ۔تحریک لبیک پاکستان شہید ممتاز حسین قادری کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کے مشن پر تاقیامت قائم رہے گی ۔