پاکستان اور بھارت کے درمیان کھلی جنگ کی خواہش مگرکس میدان میں:عرب رہنما نے بتادیا

لاہور:پاکستان اور بھارت کے درمیان کھلی جنگ کی خواہش مگرکس میدان میں:عرب رہنما نے بتادیا،اطلاعات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی دبئی کرکٹ کونسل نے پاکستان اور بھارت کے مابین کرکٹ سیریز کرانے کی پیشکش کردی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی کرکٹ کونسل کے چیئرمین عبدالرحمان نے پاک بھارت سیریز کی میزبانی کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں شارجہ میں پاک بھارت میچز ایک جنگ کی طرح ہوتے تھے، وہ ایک کھیل کی جنگ ہوتی تھی جو کرکٹ کے لیے بہت اچھی تھی۔

عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے ان کے تعلقات اچھے ہیں، بھارت اگر ہاں کرتا ہے تو دونوں ممالک کی ٹیموں کے درمیان سیریز فائدہ مند ثابت ہوگی۔

چیئرمین دبئی کرکٹ کونسل نے مزید کہا کہ ہم بھارت کو پاکستان کے خلاف کھیلنے کے لیے راضی کر لیں تو یہ بہترین ہوگا، سال میں ایک یا دو بار دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کروائی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین آئی سی سی نے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسائل موجود ہیں، لیکن کرکٹ ملکوں کے تعلقات کو بہتر کر سکتی ‏ہے، ہم پاکستان میں چیمپیئز ٹرافی 2025 کے انعقاد کے بارے میں پُرامید ہیں، پاکستان میں بین الاقومی کرکٹ ہو رہی ‏ہے جس کے پیش نظر پاکستان کو یہ ایونٹ دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کو 29 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹ کی میزبانی ملی ہے جس کے بعد پاکستان 2025 میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔ پاکستان نے آخری مرتبہ 1996 میں آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کی تھی اور اس وقت 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے کچھ میچز پاکستان میں ہوئے تھے۔ 2008 کی چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہونا تھی مگر حالات کی وجہ سے جنوبی افریقا منتقل ہوگئی تھی۔

Comments are closed.