آٹا مافیاکا سحرتوڑنے کےلیے بیرون ملک سے منگوائی گئی گندم کی پہلی کھیپ پورٹ قاسم پہنچ گئی

0
27

کراچی : آٹا مافیاکا سحرتوڑنے کےلیے بیرون ملک سے منگوائی گئی گندم کی پہلی کھیپ پورٹ قاسم پہنچ گئی ،اطلاعات کے مطابق حکومت کی ہدایت پر درآمد کی گئی گندم کی پہلی کھیپ کراچی پہنچ گئی۔

ٹریڈ کارپوریشن آف پاکستان(ٹی سی پی)کے مطابق 55 ہزار 125 ٹن گندم سے لدا پہلا جہاز پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوگیا۔حکام کے مطابق ٹی سی پی کے ذریعے درآمدی گندم کے اخراجات صوبے خود برداشت کریں گے۔

ٹی سی پی اعلامیے کے مطابق حکومت کی ہدایت پر کُل 15 لاکھ ٹن گندم درآمد کی جارہی ہے، گندم کا دوسرا جہاز 8 اکتوبر کو 55 ہزار ٹن گندم لے کر پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوگا۔ ٹی سی پی کے مطابق حکومتی ہدایات پر دنیا کے مختلف ممالک سے گندم خریدی گئی ہے۔

وفاقی وزارت برائے قومی تحفظِ خوراک کے مطابق ٹی سی پی سےگندم کی خریداری کے لیےپنجاب، خیبر پختونخوا اورپاکستان ایگریکلچرل اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (پاسکو) نے بانڈ بھر دیے ہیں جب کہ سندھ حکومت نے پہلے وفاق سے درآمدی گندم لینے کی حامی بھری تھی لیکن بانڈ نہ بھرا۔

وزارت قومی تحفظِ خوراک کا کہنا ہے کہ سندھ میں 20 کلو تھیلے آٹے کی اوسط قیمت 13 سو روپے سے اوپر ہے، سندھ کے پاس اپنے ذخائر موجود ہیں توپھر آٹا قیمت میں کمی کے لیے ریلیز کرے، سندھ نے ابھی تک گندم کی قیمت کا اعلان تک نہیں کیا۔

خیال رہے کہ ملک میں آٹے کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور سندھ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1360 روپے میں فروخت ہورہا ہے جس کے باعث 2 وقت کی روٹی بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہے۔

Leave a reply