سعودی عرب بدل رہا ہے :جی 20 اجلاس؛لیبر پالیسیوں اور خواتین کو بااختیار بنانے پر تبادلہ خیال ہوگا

0
29

سعودی عرب کی میزبانی میں جی 20 کے وزرائے محنت کا 10 ستمبر کو ورچوئل اجلاس ہوگا۔اس میں لیبر پالیسیوں ، خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے سے متعلق امور اور سماجی تحفظ کے نظاموں کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

سعودی عرب، جو اس وقت جی 20 کا صدر ملک ہے،اس اجلاس کی صدارت کرے گا۔ گروپ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق’’وزرائے محنت جی 20 کے لیڈروں کے مارچ میں منعقدہ غیر معمولی اجلاس اور اپریل میں ایمپلائمنٹ اور لیبر وزراء کے اجلاس میں طے شدہ فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔‘‘

اس اجلاس میں کووِڈ-19 کی وبا کے تناظر میں مزدوروں کی کام پر واپسی میں مناسب معاونت اور تمام ورکروں کی کارکردگی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں امور پر غور کیا جائے گا۔

جمعرات کو جی 20 کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے اپنے اجلاس میں کرونا وائرس کی وبا کے تناظر میں اقتصادی بحالی کے لیے بین الاقوامی تعاون بڑھانے اور سرحدوں کو دوبارہ کھولنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

جی 20 کے ایک بیان کے مطابق وزراء نے سرحدیں دوبارہ کھولنے کی اہمیت کو تسلیم کیا تھا اور ایسے طریق کار کے فروغ سے اتفاق کیا تھا جس کے نتیجے میں کووِڈ-19 کی وبا کی روک تھام کے لیے عاید کردہ حفاظتی اقدامات کے ماحول میں معیشت پھلے پھولے۔

گذشتہ ہفتے سعودی عرب نے جی 20 کے رکن ممالک سے تعلق رکھنے والی عالمی کاروباری کمیونٹی کے نمایندہ گروپ بی 20 کے ایک ویبی نار کا اہتمام کیا تھا۔ جی 20 کے آیندہ سربراہ اجلاس میں سعودی عرب ’بی 20‘ کو نمایاں اہمیت دے رہا ہے اور اس میں کاروبار کرنے والی خواتین کو بالخصوص مرکزی حیثیت حاصل ہوں گی۔

Leave a reply