حکومت نے2 ماہ میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں عوام کی جیبوں سے 22 ارب روپے نکال لیئے

0
71

اسلام آباد:حکومت کی 2 ماہ میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں 22 ارب روپے کی وصولی،اطلاعات کے مطابق وزیر مملکت برائے خزانہ نے کہا ہے کہ حکومت نے 2 ماہ کے دوران میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں 22 ارب روپے جمع کرلئے۔قیصر احمد شیخ کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا۔

اجلاس کے دوران کمیٹی ارکان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو آئی ایم ایف قرض معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا تو وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرکے آئی ایم ایف سے معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔

وزیر مملکت برائے خزانہ نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کے لئے پر عزم ہے، آئی ایم ایف پروگرام کے باعث دیگر مالیاتی اداروں سے بھی پاکستان کو فنڈ ملنے ہیں۔

عائشہ غوث پاشا نے اعتراف کیا کہ مفتاح اسماعیل کے دور میں اضافی پٹرولیم لیوی عائد کردی گئی تھی، پیٹرولیم لیوی کو سہ ماہی بنیاد پر ایڈجسٹ کیا جائے گا، 2 ماہ میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں 22 ارب روپے جمع کئے گئے۔

پاکستان سیلاب کی وجہ سے مشکل حالات سے گزر رہا ہے، وزیر اعظم نے اقوام متحدہ اور آئی ایم ایف کو صورت حال سے آگاہ کیا ہے۔اجلاس کے دوران گورنر اسٹیٹ بینک نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے ریلیف پیکیج کا بھی عندیہ دے دیا۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ایس ایم ایز اور زرعی شعبہ معیشت کے اہم ستون ہیں،سیلاب زدہ علاقوں میں فصلیں تباہ ہو گئیں، روزگار نہیں رہا، متاثرہ لوگوں کو ریلیف دیا جائے گا۔جمیل احمد نے کہا کہ کسانوں کے قرضوں کی ری شیڈولنگ سمیت مختلف تجاویز زیر غور ہیں، اس سلسلے میں کمرشل بینکوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

Leave a reply