راولپنڈی(باغی ٹی وی رپورٹ) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سیّد عاصم منیر نے فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر کہا ہے کہ یہ اعزاز اللہ تعالیٰ کے فضل، قوم کے اعتماد اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز انفرادی نہیں بلکہ پوری قوم، مسلح افواج، شہدا اور غازیوں کے نام ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کے حضور شکر گزار ہیں جس نے انہیں اس بلند ترین اعزاز کے قابل بنایا۔ انہوں نے صدر مملکت، وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقام اُن کی طرف سے ایک مقدس امانت ہے، جسے وہ اپنی آخری سانس تک پوری دیانت، وفاداری اور عزم سے نبھائیں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں
حکومت نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دے دی

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ "یہ اعزاز نہ صرف میری ذات بلکہ پوری افواجِ پاکستان اور قوم کے لیے ہے۔ میں یہ اعزاز تمام شہدا، غازیوں اور اُن کے اہل خانہ کے نام کرتا ہوں جنہوں نے مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے ناقابلِ فراموش قربانیاں دیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ "یہ عہدہ ذمے داریوں میں اضافہ ہے، اور اگر اس اعزاز کو نبھانے کے لیے لاکھوں عاصم بھی قربان کرنا پڑیں تو وہ لمحہ میرے لیے فخر ہوگا۔”

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 18 مئی کو جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی گئی۔ یہ پاکستان کی عسکری تاریخ میں ایک تاریخی لمحہ ہے، جو نہ صرف دشمن کے عزائم کی ناکامی بلکہ قومی یکجہتی اور عسکری قیادت کی جرات مندی کا اعتراف بھی ہے۔

Shares: