محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا، عاشورہ 9 اگست کو ہوگا

0
47

لاہور:ملک کے کسی بھی حصے سے محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا، نئے اسلامی سال کا آغاز 31 جولائی جبکہ عاشورہ 9 اگست کو ہوگا۔
،تفصیلات کے مطابق محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر کی زیر صدارت کوئٹہ میں ہوا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ساتھ اسلامی سال کے آغاز کا چاند دیکھنے کیلئے زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مراکز میں ہوئے۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق محرم الحرام 1444ھ کا چاند نظر نہیں آیا، یکم محرم الحرام 31 جولائی اتوار کو ہوگی۔کمیٹی کے مطابق ملک بھر میں یوم عاشور (10محرم الحرام) 9 جولائی کو ہوگا۔

 

 

محکمہ موسمیات کے مطابق چاند دیکھنے کا وقت 7:33 بجے سے شروع ہوکر 8 بج کر 20 تک تھا جبکہ چاند کی عمر 21 گھنٹے 6 منٹ تھی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم ابر آلود ہے، بلوچستان کی ساحلی پٹی پر چاند دکھنے کے امکان تھے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں محرم الحرام کا چاند نظر آگیا ہے۔سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں محرم الحرام 1444 ہجری کا پہلا دن 30 جولائی بروز ہفتہ کو ہوگا، اس موقع پر غلاف کعبہ کی تبدیلی کی تقریب بھی منعقد ہوگی۔

سعودی عرب میں جمعرات کو چاند نظر نہیں آیا تھا اس طرح ذی الحجہ کے 30 روز مکمل ہونے کے بعد ہفتہ 30 جولائی 2022 کو محرم 1444ھ کا پہلا دن ہوگا، رواں سال سعودی حکام نے غلاف کعبہ کی تبدیلی یکم محرم الحرام یعنی نئے اسلامی سال 1444ھ کے آغاز پر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یاد رہے کہ غلاف کعبہ کو ذی الحج کی نو تاریخ کو تبدیل کیا جاتا رہا ہے لیکن اس سال ماضی کی روایت سے ہٹ کر غلاف کعبہ کی تبدیلی کی تقریب ہفتہ کو نئے اسلامی سال 1444ھ کے پہلے دن منعقد ہوگی، غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روایت صدیوں سے چلی آ رہی ہے اور یہ تقریب ہر سال منعقد ہوتی ہے۔

 

حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹرعبدالرحمٰن السدیس کے مطابق ایوان شاہی سے جاری ہدایات کے مطابق نئے غلاف یکم محرم کو پرانے کی جگہ تبدیل کیا جائے گا، تبدیلی کے بعد نیا غلاف آئندہ برس ذوالحج تک کعبہ پر موجود رہے گا۔

Leave a reply