پی سی بی نے ایشیا کپ سری لنکا میں ہی کرانے کی حمایت کر دی

0
27

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ سری لنکا میں ہی کرانے کی حمایت کر دی ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سری لنکا کرکٹ اور ایشین کرکٹ کونسل سے رابطہ کیا گیا جس میں پی سی بی نے پیغام دیا کہ ایشیا کپ شیڈول کے مطابق سری لنکا میں کرانے کی حمایت کرتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے موقف اختیار کیا کہ ایشیا کپ کا سری لنکا میں ہونے کا فائدہ ہے کیوں کہ ایونٹ سے سری لنکا کو ریونیو ملے گا جب کہ حال ہی میں سری لنکا میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز بھی کامیاب رہی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ حکام نے ایشین کرکٹ کونسل حکام کو بتایا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم بھی سری لنکا میں سیریز کے لئے موجود ہے اور پی سی بی کا موقف یہی ہے کہ ایشیا کپ سری لنکا میں ہی ہونا چاہیے۔بورڈ حکام نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ سری لنکا کرکٹ اور اے سی سی نے کرنا ہے لیکن پی سی بی نے اپنا موقف بتا دیا۔

خیال رہے کہ ایشیا کپ رواں سال اگست میں سری لنکا میں شیڈول ہے تاہم وہاں پر سیاسی گشیدگی کے باعث فیصلہ سازوں کو اس حوالے سے مشکلات پیش آرہی ہیں کہ وہ ایشیا کپ سری لنکا میں ہی کروائیں یا پھر اسے کسی اور منتقل کردیا جائے اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل رواں ماہ کے آخر میں کرے گا۔

اس سے قبل بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ موجودہ صورتحال کے باعث سری لنکا کی ایشیا کپ کی میزبانی خطرے میں پڑ گئی ہے اور بنگلادیش نے ایشیا کپ کرانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

دوسری جانب سری لنکا کرکٹ بورڈ کو بھی امید ہے کہ ایشیا کپ شیڈول کے مطابق سری لنکا میں ہی ہوگا اور ایونٹ کے کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

سری لنکا بورڈ کے سیکریٹری موہن ڈ ی سلوا نے ایک بیان میں کہا کہ ہم ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے پُر امید ہیں۔ حال ہی میں 52 دن کے لئے آسٹریلیا کی میزبانی کی ہے اور اب پاکستانی ٹیم سری لنکا میں موجود ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ کا ایک زبردست سیزن شروع ہونے والا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کے بڑے بڑے اسٹیڈیم میزبانی کے لیے تیار ہیں مگرشاید یہ اعزاز ملتان کی سرزمین کو حاصل ہوجائے کیونکہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ایک ٹیسٹ میچ کی میزبانی کے لیے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آیا ہے۔

انگلش ٹیم ستمبر میں 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔ وقت کی کمی اور لاجسٹک مسائل کی وجہ سے میچ صرف دو مقامات پر منعقد کیے جائیں گے جن میں کراچی اور لاہور شامل ہیں۔

 

تاہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد انگلش ٹیم نومبر میں دوبارہ تین ٹیسٹ میچز کھیلنے کے لیے پاکستان واپس آئے گی اور اس موقع پر ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کو ایک ٹیسٹ میچ کی میزبانی ملنے کا امکان ہے۔

دریں اثنا انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کا چار رکنی سیکیورٹی وفد اتوار کو پاکستان پہنچ رہا ہے جو لاہور، کراچی اور راولپنڈی کے ساتھ ملتان کا بھی دورہ کریں گے۔ اس موقع پر وہ مقامی اور پی سی بی حکام سے ممکنہ انتظامات پر بریفنگ لیں گے۔

انہیں راستوں، مقامات اور ہوٹلوں کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی جائیں گی جبکہ سیکیورٹی وفد کی رپورٹ کی روشنی میں ہی حتمی فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ 17 سال بعد انگلش ٹیم پاکستان کا دورہ کررہی ہے جبکہ 15 ستمبر کو انگلینڈ ٹیم پاکستان پہنچے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 20 ستمبر کو کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا 22، تیسرا 23 اور چوتھا 25 ستمبر کو کراچی میں ہی کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیمیں 26 ستمبر کو خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچیں گی،لاہور میں 28 اور 30 ستمبر کو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے جبکہ سیریز کا آخری میچ دو اکتوبر کو لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔

Leave a reply