وزیراعظم پاکستان بہادرآباد جارہےہیں:سب ٹھیک ہوجائے گا:فروغ نسیم

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان بہادرآباد جارہےہیں:سب ٹھیک ہوجائے گا:اطلاعات کے مطابق وزیر قانون فروغ نسیم نے وزیر اعظم عمران خان کی ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کے لیے بہادر آباد جانے کا دعویٰ کیا ہے۔

وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم سے اسلام آباد ہائیکورٹ بار اور پاکستان بار کے نو منتخب نمائندوں نے ملاقات کی جس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فروغ نسیم نے کہا کہ وزیراعظم نے امین الحق کی موجودگی میں کہا تھا کہ وہ ایم کیو ایم سے ملاقات کےلیے بہادر آباد جائیں گے، توقع ہے کہ وزیر اعظم ایک آدھ ہفتے میں بہادر آباد آنے کا پروگرام فائنل کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ کوشش ہے کہ سول مقدمات کے فیصلے جلدی ہوں، وکلاکو جسٹس سسٹم کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

فروغ نسیم نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی کردار کشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس اطہر من اللہ کے معترف ہیں، کئی بہترین ججز ہیں جو سنیارٹی کے بغیر آئے، کسی بھی جج کی کردار کشی نہیں ہونی چاہیے۔

متحدہ اپوزیشن کی طرف سے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے اعلان کے بعد عمران خان سیاسی صورت حال کے تناظر میں تیزی سے سیاسی کارڈز کھیلنے لگے، وزیراعظم اتحادی جماعتوں کے محاذ پر متحرک ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان نے مسلم لیگ ق سے رابطوں کے بعد دیگر اتحادیوں سے بھی ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)، بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماؤں سے بھی جلد ملاقات کا امکان ہے۔

اُدھر وزیر اعظم نے اپنی جماعت کے اراکین پارلیمنٹ سے بھی رابطے تیز کردئیے، دورہ لاہور کے دوران وزیر اعظم کی پنجاب کے چار ڈویژن کے اراکین پارلیمنٹ سے طویل ملاقات ہوئی، اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو غیر فعال کرنے کے لیے وزیراعظم نے خود رابطوں کا محاز سنبھال لیا۔

وزیراعظم سے راولپنڈی، بہاولپور، ملتان اور ساہیوال ڈیویژنز سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمان نے الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔

اس موقع پر وزیراعظم نے ارکان پارلیمان کو ہدایت کی کہ عوام کے ساتھ اپنا رابطہ مضبوط کریں، عوام کومختلف سرکاری اسکیموں کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی دی جائے، حکومت کو مہنگائی کی وجہ سے درپیش عوام کی پریشانیوں کا احساس ہے، عوام کو مہنگائی کے منفی اثرات سے بچانے کیلئےاقدامات کررہے ہیں۔

عمران خان نے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی یقینی بنانے کیلئے نچلی سطح پر کارکنوں کو متحرک کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے کمی عوام دوست اقدام ہے، بجلی کی قیمت میں 5 روپے کمی بھی عوام دوست اقدام میں شامل ہے، اگلے 2 سالوں میں کاروباری قرضوں پر 407 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی اور احساس پروگرام کے تحت ماہانہ وظیفہ 14 ہزار روپے کیا گیا ہے۔

Comments are closed.