وزیراعظم نے ہسپتالوں میں ادویات کی مفت فراہمی کے لیے تجاویز مانگ لیں

0
26

اسلام آباد:وزیر اعظم نے پنجاب کے اسپتالوں میں ادویات کی مفت فراہمی کیلئے تجاویز مانگ لیں وزیر اعظم شہباز شریف نے پنجاب کے تمام اسپتالوں میں ادویات کی مفت فراہمی مریضوں تک یقینی بنانے کے حوالے سے تجاویز مانگ لیں۔

اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ماڈل ٹاؤن لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ہوا جو دوگھنٹے جاری رہا ۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب کامران افضل ،سابق وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق ،خواجہ عمران نذیر اور پنجاب کے محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور اسپتال میں غریبوں کا مفت علاج کیا جائے۔اس کے علاوہ انہوں نے چیف سیکرٹری پنجاب کو ہدایت کی کہ عید کے بعد آٹے کی فراہمی کو عوام تک سستا بنایا جائے۔

ادھر آج وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کوٹ لکھپت جیل کا دورہ کیا، ا نتظامات کا جائزہ لیا اور قیدیوں کی سزاؤں میں 60 روز کی معافی، سپاہیوں کی تنخواہیں بڑھانے کا اعلان کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کے دورہ کے موقع پر سکیورٹی وارڈ ٹو میں قائم مرکز تدریس القرآن و حدیث کا افتتاح کردیا، اس وارڈ میں حمزہ شہباز 22 ماہ قید میں رہے۔

اپنے دورہ کے موقع پر وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کا قیدیوں کی سزاؤں میں 60 روز کی معافی اور جیل کے سپاہیوں کی تنخواہیں بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جیل کے سپاہیوں کو پولیس کے سپاہیوں کے برابر تنخواہ ملے گی۔

وزیراعلیٰ نے قیدیوں میں عید کے تحائف تقسیم کیے، جیل کے لان میں پودا بھی لگایا جبکہ حمزہ شہباز کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، وزیراعلیٰ نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔

اراکین پنجاب اسمبلی عبد العلیم خان، خواجہ عمران نذیر، خواجہ سلمان رفیق، حافظ محمد نعمان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات، کمشنر لاہور، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Leave a reply