راوی سٹی منصوبہ لاہور کی رہائشی و دیگر ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے نہایت اہم، وزیر اعظم

0
22

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت لاہور میں سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے قیام اور راوی سٹی منصوبے کے حوالے سے ہفتہ وار اجلاس ہوا جس میں وزیرِاعظم کو والٹن لاہور میں قائم ہونے والے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے قیام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گنجان آبادی کے پیش نظر لاہوروالٹن میں تربیتی پروازوں کے لئے استعمال ہونے والا ائیرپورٹ ہوائی پروازوں کے لئے غیر محفوظ بن چکا ہے۔ ان خطرات کا مستقل تدارک اور آبادی کے تحفظ کے لئے تربیتی پروازوں کے لئے استعمال ہونے والے اس ائیرپورٹ کو محفوظ مقام پر شفٹ کرنا نہایت ضروری ہے۔
وزیرِ اعظم نے اس امر پر نہایت تشویش کا اظہار کیا کہ گذشتہ چند سالوں میں آبادی کی وجہ سے اس ائیر پورٹ پر دو تین حادثے رونما ہو چکے ہیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے قیام کے بعد اربوں روپے کی مالیت کی اس زمین کو بھرپور معاشی سرگرمیوں کے لئے استعمال کیا جا سکے گا۔
وزیرِ اعظم کو روای سٹی منصوبے پر اب تک پیش رفت پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ مجوزہ راوی سٹی میں ماحولیات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔راوی سٹی میں زراعت و کاشتکاری کے جدید طریقہ کار ورٹیکل فارمنگ کو فروغ دیا جائے گا جس سے نہ صرف پیداواری اضافہ ممکن ہوگا بلکہ زمین کا بھرپور استعمال بھی میسر آئے گا۔ مجوزہ روای سٹی تک آسان رسائی کے لئے لاہور موٹر وے سے 20 کلومیٹر طویل سڑک تعمیر کی جائے گی تاکہ یہاں کے رہائشیوں کو شہر تک آسان رسائی ممکن بنائی جا سکے۔ وزیراعظم نے راوی سٹی منصوبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ راوی سٹی منصوبہ نہ صرف شہر لاہور کی رہائشی و دیگر ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے نہایت اہم منصوبہ ہے بلکہ اس سے لاہور شہر اور ملک بھر کے عوام کے لئے معاشی سرگرمیوں کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ راوی سٹی منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے انہیں مسلسل آگاہ رکھا جائے۔

Leave a reply