ڈی جی سیمنٹ، کروڑوں کی آمدنی، سڑک خستہ حالی کا شکار
کوٹ مبارک،باغی ٹی وی (نامہ نگارامداد اللہ تھہیم)کوہِ سلیمان سے روزانہ کروڑوں کمانے والی ڈی جی سیمنٹ فیکٹری اپنی سڑک کی پختہ بحالی میں ناکام رہی ہے۔ 25 کلومیٹر طویل سڑک جو ڈی جی سیمنٹ فیکٹری سے انڈس ہائی وے تک جاتی ہے، شدید خستہ حالی کا شکار ہے اور گزشتہ 23 سالوں سے مرمت اور بحالی کی منتظر ہے۔ سڑک کی خستہ حالت کی وجہ سے گہرے گڑھے اور ٹوٹ پھوٹ روزمرہ حادثات کا باعث بن رہے ہیں۔
فیکٹری سے لے کر کوٹ مبارک تک سڑک کے مختلف حصوں پر مرمت کی بجائے صرف ریت اور بجری ڈال کر مسئلہ عارضی طور پر حل کیا گیا، جبکہ ریلوے سٹیشن سے انڈس ہائی وے تک کام روک دیا گیا۔ روزانہ ہزاروں ٹن مال کی نقل و حمل کے باوجود سڑک پر آنے والی گاڑیاں اور فیکٹری کی مشینری مسلسل گرد و غبار اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بن رہی ہیں، جس سے مقامی شہریوں کی صحت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
ڈی جی سیمنٹ فیکٹری سے حاصل ہونے والی بھاری آمدنی کے باوجود نہ سڑک کی پختہ تعمیر کی گئی ہے نہ ہی مقامی آبادی کو صحت، تعلیم یا صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات فراہم کی گئیں۔ علاقے میں فضائی آلودگی، زہریلے دھوئیں، اور غیرمعیاری فضلے کو جلانے کی وجہ سے سانس اور کینسر جیسی موذی امراض کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔
مقامی شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈی جی سیمنٹ فیکٹری فوری طور پر سڑک کی مکمل بحالی کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کے لیے بنیادی سہولیات فراہم کرے۔ بصورت دیگر فیکٹری انتظامیہ کے خلاف احتجاج کی دھمکی دی گئی ہے۔