موہن جو دڑو ایکسپریس کے روٹ میں ترمیم کے بعد بحال کردیا گیا۔
تاریخ: 17 آگست 2020: پاکستان ریلویز نے 213 اپ موہن جو دڑو ایکسپریس کو بحال کردیا ہے۔ ٹرین آپریشن کی معطلی سے قبل یہ ٹرین کوٹری اور روہڑی کے درمیان براستہ دادو، لاڑکانہ، شکارپور اور سکھر چلتی تھی۔ اب یہ ٹرین بحال ہونے کے بعد کراچی سے براستہ کوٹری، سیہون، دادو، لاڑکانہ،کشمور، راجن پور، ڈی جی خان، مظفر گڑھ سے ہوتے ہوئے ملتان پہنچے گی۔
موہن جو دڑو ایکسپریس 7 اکانمی کوچز پر مشتمل ہے جن کی مجموعی گنجائش 616 مسافروں کی ہے۔ اس ٹرین کے روٹ تبدیل کرنے سے کراچی میں کام کرنے والے اندرون سندھ اور جنوبی پنجاب کے لوگوں کو بہت فائدہ ہوگا۔
اس موقعے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈی ایس کراچی جناب ارشد سلام خٹک نے کہا کہ یہ ٹرین نئی نہیں ہے بلکہ اس کے روٹ اور اسٹیشنوں کو صرف لوگوں کی سہولت کے لیئے بڑھایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ٹرین میں کراچی سے ملتان تک کا 1000 کلومیٹر سفر سستے ترین کرائے یعنی صرف 920 روپے میں مکمل ہوگا۔