پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ غریب مٹانے کی سازش ہے:مصطفیٰ کمال

0
30

کراچی: پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی جانب سے دو ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 98 روپے کا ہوشربا اضافہ غریب مٹانے کی سازش ہے۔ پاک سر زمین پارٹی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتی ہے اور حکومت سے فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کرتی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے سب سے زیادہ متاثر تنخواہ دار طبقہ ہوا ہے کیونکہ تنخواہوں میں اضافہ ہوا نہیں لیکن اشیاء ضرورت کی قیمتوں میں کئی سو فیصد اضافہ ہوچکا ہے نتیجتاً والدین اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے سے قاصر ہورہے ہیں۔ غریب اور متوسط طبقہ تو اب بیمار ہونے سے بھی خوفزدہ ہوگیا ہے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھاکہ حکمران صرف صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بدعنوانیاں روک لیں تو حالات میں بہتری آسکتی ہے۔ سابقہ اور موجودہ نااہل حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں کے باعث تبدیلی تباہی میں بدل گئی، عوام سے روٹی، کپڑا اور مکان تو پہلے ہی چھن گیا تھا اب ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے ووٹ دینے والوں کی زندگیاں داؤ پر لگا کر انہیں خودکشی پر مجبور کر دیا ہے۔ غریب و متوسط طبقہ ہی نہیں کاروباری اور صنعتکار طبقہ بھی شدید ذہنی و معاشی دباؤ کا شکار ہے۔ مہنگائی کی وجہ سے کاروباری اخراجات پورے کرنا مشکل امر بن گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عدم استحکام کی وجہ سے اشیاء خورد و نوش سمیت خام مال کی قیمتیں بھی مستحکم نہیں۔ جس سے کاروباری لاگت میں ہوش ربا اضافہ ہوگیا ہے، کئی صنعتکار دیگر ممالک کا رخ کر چکے ہیں اور انکو دیکھ کر مزید پاکستان سے باہر جانے کا ذہن بنا چکے ہیں، باہر سے انویسٹمنٹ لانے کی کوششیں اور دعوے کرنے والے موجودہ انویسٹرز کا کاروبار اور صنعتیں اجاڑ رہے ہیں۔ نوکری پیشہ طبقے کیلئے دو وقت پیٹ بھر کر کھانے کا حصول مشکل ہوگیا ہے۔ جب سے حکومت آئی ہے تب سے آئے روز کبھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی خبر آتی ہے اور کبھی بجلی و گیس کے نرخوں میں اضافے کی۔ اگر سارا بوجھ عوام پر ہی منتقل کرنا تھا تو مہنگائی کا ڈھول پیٹ کر اقتدار میں آنے کی کیا ضرورت تھی؟

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں ڈسٹرکٹ کورنگی کے بلدیاتی امیدواروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ مشکل فیصلوں کے نام پر عوام کی گردن پر چھری پھیرنا بند کرئے۔ بھوک و افلاس کی وجہ سے امن و امان کی صورتحال خراب ہوگی، انارکی پھیلے گی، حالات بے قابو ہوئے تو حکومت ذمہ دار ہوگی۔

Leave a reply